QR CodeQR Code

جنوبی شام میں غیر قانونی امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ

15 Aug 2022 15:39

سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بارودی مواد سے بھرے ہوئے متعدد ڈرونز نے "التنف" میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ داعش مخالف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد نے شام اور عراق کی درمیانی سرحد پر "التنف" میں امریکہ کے غیر قانونی فوجی اڈے پر ایک ڈرون حملہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ آج صبح (پیر) جمہوریہ شام اور عراق کی سرحد پر "التنف" میں واقع امریکی اڈے پر خودکش ڈرون سے حملہ کیا گیا ہے۔ داعش مخالف نام نہاد اتحاد نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اتحادی افواج نے "مغاویر الثورہ" نامی دہشت گرد گروہ کے ساتھ مل کر خودکش ڈرون کا مقابلہ کیا ہے۔ مذکورہ اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ڈرون کو گرا لیا گیا ہے جبکہ دوسرے ڈرون کے حملے میں کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ سکیورٹی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق، بارودی مواد سے بھرے ہوئے متعدد ڈرونز نے مذکورہ فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔

قابل غور بات یہ ہے کہ شام کے خلاف ایک دہائی سے جاری جنگ کے دوران امریکہ نے علیحدگی پسند گروہوں کی حمایت اور دہشت گردی و داعش کے خلاف جنگ کے بہانے شام کے تیل سے مالا مال علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے واضح طور پر کہا تھا کہ شام میں امریکی فوج کی موجودگی تیل کے کنوؤں کی وجہ سے ہے۔ تیل اور ڈیزل کے علاوہ امریکہ، عراق میں اپنے فوجیوں کے استعمال کے لیے شامی گندم اور اناج کی بھاری مقدار بھی ہفتہ وار بنیادوں پر اسمگل کرتا ہے، جسے میڈیا نے بارہا رپورٹ کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1009292

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009292/جنوبی-شام-میں-غیر-قانونی-امریکی-فوجی-اڈے-پر-ڈرون-حملہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org