QR CodeQR Code

بھارتی فورسز نے عسکریت کے خاتمے کیلئے آخری مرحلہ شروع کیا ہے، منوج سنہا

15 Aug 2022 21:12

پاکستان کو نشانہ بناتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بعض اوقات وہ کچھ غلط کام کرتے ہیں جس سے وہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر مجبور ہوجاتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پتھر بازی، ہڑتالوں اور تعلیمی اداروں کے بند ہونے کو قصہ ماضی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں تین دہائیوں کے ہنگامہ خیز حالات کے بعد جمہوریت پھل پھول رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر سے ملی ٹنسی کے نیٹ ورک کی بیخ کنی کے لئے آخری حملہ شروع کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو سرینگر میں شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فورسز ہمسایہ ملک کی جموں و کشمیر میں امن کی صورتحال کو بگاڑنے کی تمام کوششوں سے پیشہ ورانہ طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے فوجی کشمیر میں امن قائم کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

منوج سنہا نے کہا کہ کشمیر میں پتھر بازی، ہڑتال اور تعلیمی اداروں کا بند ہونا اب قصہ ماضی بن کے رہ گیا ہے یہاں سال کے365 دنوں میں سے 100 دن ہڑتال رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان ہڑتالوں سے یہاں کی تجارت، تعلیم اور دوسرے شعبے متاثر ہوجاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہاں بازار شام دیر گئے تک کھلے رہتے ہیں اور سڑکوں پر بھی رات دیر گئے تک ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری رہتی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اب یہاں لوگوں میں کسی قسم کا کوئی خوف و ڈر نہیں ہے اور عام لوگوں راحت کی سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوششوں اور منفی پروپگنڈے کا فورسز اور انتظامیہ کی طرف سے بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے عسکریت کے نیٹ ورک کی بیخ کنی کے لئے آخری حملہ شروع کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1009311

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009311/بھارتی-فورسز-نے-عسکریت-کے-خاتمے-کیلئے-ا-خری-مرحلہ-شروع-کیا-ہے-منوج-سنہا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org