QR CodeQR Code

جنوبی شام میں داعش کا ایک سینیئر رہنماء ہلاک

15 Aug 2022 23:55

ہلاک ہونیوالا یہ دہشتگرد چند دن قبل ایک آپریشن میں مارے جانیوالے ایک اور کمانڈر ابو سالم العراقی اور عبد الرحمٰن العراقی کا معاون تھا۔


اسلام ٹائمز۔ شام کے شہر "درعا" سے انٹیلیجنس ذرائع نے خبر دی ہے کہ شامی سکیورٹی فورسز نے ملک کے جنوبی حصے میں داعش کے ایک سینیئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے "طفس" میں شامی فورسز کے داعش کے خلاف آپریشن کی خبر دی ہے۔ شامی فورسز کے اس آپریشن کے حوالے سے میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں داعش کا ایک اہم رکن "محمود احمد الحلاق" مارا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، الحلاق اس سے قبل "حوض الیرموک" میں داعش کے فوجی شعبے کا کمانڈر تھا اور ہلاکت سے قبل داعش کے تربیتی کیمپ کی ذمے داری بھی اس کے پاس تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا یہ دہشت گرد چند دن قبل ایک آپریشن میں مارے جانے والے ایک اور کمانڈر ابو سالم العراقی اور عبد الرحمٰن العراقی کا معاون تھا اور ان دہشت گردوں کے درمیان تعاون ایک عرب ملک کی انٹیلیجنس ایجنسی کی مدد سے جاری تھا۔ صوبہ درعا میں مقامی ذرائع نے چند روز قبل دہشت گرد تنظیم داعش کے سرکردہ رہنماء ابو سالم العراقی کے نام سے مشہور محمد عبداللہ البائع کے مارے جانے کی خبر دی تھی۔

مذکورہ بالا دہشت گرد نے اپنے آپ کو خودکش جیکٹ سے اُڑا لیا تھا۔ العراقی نے ایسا اس وقت کیا، جب شام کی سکیورٹی فورسز نے اس کے گھر کا محاصرہ کر لیا تھا۔ اس کا گھر مغربی درعا میں "عدوان" کے علاقے میں واقع ہے۔ العراقی اصل میں عراق کا رہائشی اور موصل میں پیدا ہوا تھا، اسے جنوبی شام میں داعش کے سینیئر لیڈروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ ایک عرصے سے شامی فوج کو مطلوب رہا ہے۔ یاد رہے کہ شام میں "الرقۃ" اور عراق میں "موصل" کی آزادی اور تکفیری گروہ داعش کی مبینہ خلافت کے خاتمے کے بعد بھی اس دہشت گرد گروہ کے افراد مختلف علاقوں میں چھوٹے چھوٹے گروپوں کی صورت اکثر اوقات فوجی اور کبھی عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں اور جانی و مالی نقصان پہنچاتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1009349

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009349/جنوبی-شام-میں-داعش-کا-ایک-سینیئر-رہنماء-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org