QR CodeQR Code

کوئٹہ، بارشوں کے نقصانات سے متعلق محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اجلاس

16 Aug 2022 15:38

اجلاس میں متعلقہ افسران نے شرکاء کو حالیہ بارشوں کے نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے محکمہ کے افسران کو احکامات جاری کئے، اور انتظامیہ سے رابطہ میں رہنے کی ہدایت کی۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور پلوں، شاہراہوں کی خرابی کے حوالے سے صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان علی اکبر بلوچ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اعلیٰ افسران نے ٹیلیفون اور ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع لسبیلہ، گڈانی، ضلع قلعہ عبداللہ اور موسیٰ خیل میں ہونے والے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد رابطہ سڑکوں اور پلوں کی حالیہ صورتحال سے متعلق متعلقہ افسران نے بریفنگ دی، اور ضلع لسبیلہ قلعہ عبد اللہ اور موسیٰ خیل میں شاہراہوں اور پلوں کے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات علی اکبر بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے صوبے کی رابطہ سڑکوں اور پلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

ان نقصانات کے باوجود محکمہ مواصلات و تعمیرات روز اول سے بحالی کی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لسبیلہ ضلع قلعہ عبداللہ، موسیٰ خیل اور صوبے کے تمام اضلاع کے انجینئر افسران اپنے اپنے عملے اور مشینری کے ساتھ صوبے میں جاری اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کو یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بحالی کی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہونے پائے۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے متعلقہ محکمہ کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی سے متعلق کارکردگی رپورٹ محکمہ کو پیش کریں اور ساتھ ہی اپنے اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے ریسکیو آپریشن ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔


خبر کا کوڈ: 1009470

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009470/کوئٹہ-بارشوں-کے-نقصانات-سے-متعلق-محکمہ-مواصلات-تعمیرات-کا-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org