QR CodeQR Code

ہمارے حکمرانوں کو امریکیوں کے سامنے بات کرنے کی ہمت نہیں ہوتی، مصطفیٰ کمال

16 Aug 2022 20:44

بلدیاتی امیدوران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ہماری آزادی ادھوری ہے، جب تک ان کرپٹ متعصب حکمرانوں سے اس وطن کو آزاد نہیں کرائیں گے تب تک آزادی کی تکمیل ممکن نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی اس لئے حاصل نہیں کی تھی کہ قوم یہاں غلاموں سے بدتر زندگی بسر کرے، سات دہائیوں سے پاکستان کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے، ملکی معیشت کے حوالے سے ہر روز تشویشناک خبریں آرہی ہیں، ہر ادارے میں رشوت کے ریٹ بڑھ گئے ہیں لیکن کرپٹ اور ظالم حکمران عوام کو صبر کرنے کا مشورہ دے رہے ہے، ٹھیکیداروں سے منافع چھوڑ کر بقیہ پیسے رشوت کے طور پر لئے جارہے ہیں، صرف فائلوں میں منصوبے بن رہے ہیں، پینے کے پانی اور گٹر لائنوں کا انچارج تک وزیراعلیٰ ہے، انگریز نے بھی یہ ظلم نہیں کیا تھا، آسمان سے گرے کھجور میں اٹکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں بلدیاتی امیدوران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری آزادی ادھوری ہے، جب تک ان کرپٹ متعصب حکمرانوں سے اس وطن کو آزاد نہیں کرائیں گے تب تک آزادی کی تکمیل ممکن نہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مہذب معاشرے اس طرح وجود میں نہیں آتے، مہذب معاشروں میں جانوروں کے حقوق کی بھی حفاظت کی جاتی ہے، ایک بلی یا کتے کو خطرہ ہو تو ریاستیں حرکت میں آجاتی ہیں جبکہ یہاں پوری پوری فیملیاں نالوں میں بہہ جاتی ہیں لیکن کسی کے کان پہ جوں تک نہیں رینگی رہی، پی ایس پی نے تکمیل آزادی آزادی کا عہد کیا ہے، آزادی کے مقاصد کی تجدید کی ضرورت ہے کیونکہ ہم ان مقاصد سے بہت دور چلے گئے ہیں، یہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو ظالموں کے چنگل سے آزاد کروانا ہے، ہمیں مل کر آزادی کی تکمیل کرنی ہوگی، افغانستان جنگ ختم ہوگئی قیدیوں کا تبادلہ ہوگیا، امریکہ نے طالبان قیدی اور طالبان نے امریکی قیدی چھوڑ دیئے، بس کوئی نہیں چھوٹا تو پاکستانی قوم کی بیٹی اب تک قید میں ہے کیونکہ ہمارے حکمران کو امریکیوں کے سامنے بات کرنے کی ہمت نہیں ہوتی۔


خبر کا کوڈ: 1009505

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009505/ہمارے-حکمرانوں-کو-امریکیوں-کے-سامنے-بات-کرنے-کی-ہمت-نہیں-ہوتی-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org