QR CodeQR Code

ٹانک میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق

16 Aug 2022 21:03

پولیو ٹیمیں کوٹ اعظم میں بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف تھیں کہ مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح افراد کے حملے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اہل کاروں میں کانسٹیبل پیر رحمٰن اور نثار شامل ہیں، جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔ پولیو ٹیمیں کوٹ اعظم میں بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف تھیں کہ مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ دریں اثنا شواہد اکٹھے کرکے عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی  میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی، حیدرآباد اور جنوبی خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان اور ٹانک میں قومی انسداد پولیو مہم کا گزشتہ روز آغاز ہو گیا۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کے مطابق 22 سے 26 اگست تک ملک کے دیگر علاقوں میں بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم شروع کی جائے گی۔ کراچی، حیدر آباد اور خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع میں پولیو مہم 24 اگست تک جاری رہے گی  جبکہ بلوچستان میں پولیو مہم 29 اگست سے 4 ستمبر تک جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ رواں برس پاکستان میں اب تک پولیو کے 14 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1009510

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009510/ٹانک-میں-پولیو-ٹیم-پر-فائرنگ-2-پولیس-اہلکار-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org