0
Wednesday 17 Aug 2022 00:07

ضلع کرم میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، ساجد حسین طوری

ضلع کرم میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، ساجد حسین طوری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابوں کیوجہ سے ضلع کرم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج میں شامل اور متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ ساجد حسین طوری نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع کرم میں بھی حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث فصلوں اور پھلوں کی تباہی سمیت مویشیوں کی ہلاکت اور کچے مکانات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو لکھا ہے کہ حالیہ سیلاب نے انکے حلقہ این اے 46 کو شدید متاثر کیا ہے خاص طور پر دیہی علاقے شلوزان، ملانہ، زیڑان، تری مینگل، لقمان خیل، نستی کوٹ، بغدے، کارا خیلہ، پیواڑ، بوڑکی، کچکینا و دریائے کرم کے کنارے آباد بستیاں جہاں کچے مکانات منہدم ہوئے ہیں اور فصلیں اور باغات تبباہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ کرم ضلع کے زیادہ تر لوگ کاشتکاری پر منحصر ہیں اور انکا واحد ذریعہ معاش کھیتی باڑی، مال مویشیاں اور باغبانی ہے۔ شلوزان کو باقی علاقوں سے ملانے والا واحد پل بھی سیلابی نالے میں بہہ گیا ہے۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کرم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج میں شامل کیا جائے اور متاثرین کی مالی امداد کی جائے تاکہ وہاں کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود سے انکے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ضلع کرم کو موٹروے کیساتھ جوڑنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ساجد حسین طوری نے وفاقی وزیر مواصلات کو کہا کہ کرم کا خرلاچی اور بوڑکی نہایت ہی اہم اور افغانستان سمیت وسطی ایشیا کے ممالک تک رسائی کا آسان، مختصر ترین اور محفوظ ترین تجارتی راستہ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے مغربی الائمنٹ روٹ منصوبے میں عیسی خیل سے کرک اور بانڈہ داؤد شاہ سے ہوتا ہوا ٹل تک جہاں سے غلام خان اور خرلاچی تک کا روٹ یا عیسی خیل سے میر علی جہاں سے ایک روٹ غلام خان اور دوسرا خرلاچی تک کا شامل کیا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے میں ضلع کرم کے عوام کے حقوق کو مدنظر رکھا جائے گا اور منصوبے میں پیش کردہ پلان کو شامل کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1009545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش