0
Friday 23 Sep 2011 18:44

مائیک مولن کا بیان پاکستان کی آزادی کیلئے تشویشناک ہے، امریکی سفیر کو طلب کر کے الزامات سے متعلق وضاحت طلب کی جائے، چوہدری نثار

مائیک مولن کا بیان پاکستان کی آزادی کیلئے تشویشناک ہے، امریکی سفیر کو طلب کر کے الزامات سے متعلق وضاحت طلب کی جائے، چوہدری نثار
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مائیک مولن کا بیان پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کے لیے تشویشناک ہے، امریکا کی ممکنہ کارروائیوں کے پیش نظر پارلیمنٹ کا اجلاس فوری بلایا جائے اور قوم کو متحد کیا جائے۔ پارلیمنٹ ہاوٴس میں اپنے چیمبر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے پاکستان کو جو دھمکیاں اور ڈانٹ ڈپٹ جاری ہے وہ خطرناک ہے۔ حکمرانوں کو خواب غفلت سے جاگنا چاہیے اور پاکستان کا واضح موٴقف سامنے لایا جائے۔ مولن نے جو کہا وہ حقائق کے منافی اور حیران کن ہے۔
 چوہدری نثار نے کہا امریکا سے پوچھا جائے کہ کابل میں امریکی سفارتخانے پر حملے سے پاکستان کو کیا فائدہ ہے؟ امریکا الزام لگانے کے بجائے ثبوت پیش کرے اور حکومت امریکی سفیر کو طلب کر کے مولن کے بیان پر سخت احتجاج ریکارڈ کرائے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اب ڈی جی، آئی ایس آئی کے دورہ واشنگٹن اور ترجمان دفتر خارجہ کی وضاحتوں سے معاملہ حل نہیں ہو گا، پینتیس ہزار جانوں کی قربانی اور آدھے ملک کو میدان جنگ بنوا کر کیا نام نہاد اتحادی یہی ثمر دینا چاہتے ہیں۔ ایک سوال پر چوہدری نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کسی تحریک کے متحمل نہیں ہو سکتے، مسلم لیگ ن کے پاس واضح قومی ایجنڈا تیار ہے لیکن وہ اسے اکیلے آگے نہیں لے جا سکتی، حکومت کو پیشرفت کرنی چاہیے۔ ایک سوال پر چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ ساٹھ سال میں اتنی نااہل، کرپٹ اور عوامی مسائل سے لاتعلق حکومت کبھی نہیں دیکھی، موجودہ حالات میں فوج نے جو کردار ادا کیا وہ غنیمت ہے، تاہم اسے مزید بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔
دیگر ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن کے بیان کو پاکستان کی خود مختاری اور آزادی کے حوالے سے تشویشناک قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ قومی سلامتی اور آزادی کو درپیش خطرات کے پیش نظر واضح قومی پالیسی تشکیل دی جائے۔ پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ایک ذمہ دار امریکی جرنیل کا بیان مضحکہ خیز ہے، حکمران خواب غفلت سے نکل کر پاکستان کا واضح موقف سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ منتیں یا صفائیاں دینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، پاکستان اب مزید دبنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، امریکی سفیر کو طلب کر کے امریکی الزامات سے متعلق وضاحت طلب کی جائے۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف دس سالہ پالیسی ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ممکنہ امریکی کاروائی کے خطرے کے پیش نظر پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر قوم کو اعتماد میں لیا جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسئلے پر جو کام حکومت نہ کر سکی، وہ سپریم کورٹ نے کر دکھایا۔
خبر کا کوڈ : 100956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش