QR CodeQR Code

ممنوعہ فنڈنگ کیس، اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ

17 Aug 2022 14:19

ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ منوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے لیکن اس میں فریق نہیں بنایا گیا، ہم سمجھتے ہیں جہاں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اس میں ہم فریق بنیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ کر لیا۔ اکبر ایس بابر نے اپیل میں فریق بننے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، ہائیکورٹ نے تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا جوکہ کل پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کرے گا۔ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ منوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے لیکن اس میں فریق نہیں بنایا گیا، ہم سمجھتے ہیں جہاں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اس میں ہم فریق بنیں، بارہا کوشش کی گئی کہ ہمیں نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی فنڈ ریزنگ کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور میں کہتا آیا ہے ہوں یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فنڈنگ اسکینڈل ہے جبکہ اس اسکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شریک ہیں، فنانشل ٹائمز کی خبر نے ثابت کیا ابراج سے ڈالرز آئے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ کیس پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر دے گا، شوکاز کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں جو فیصلے آئیں گے قوم کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ اس سے قبل، وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ کار بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف آئی اے نے امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک  سے پی ٹی آئی کو ہونے والی فنڈنگ کے بارے میں متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے ذریعے بھی وہاں کی کمپنیز و شخصیات کے بارے میں  معلومات جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینئر آفیسر کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ امریکی ایف بی آئی سمیت برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور دیگر ممالک کے ایسے اداروں سے مدد کے لیے رجوع کیا جا رہا ہے۔ تحقیقات ابھی ریکارڈ اور اکاؤنٹس اکھٹے کرکے معلومات کو یکجا کرنے کے مرحلے میں ہیں جنہیں یکسو کرکے آگئے بڑھایا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1009632

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009632/ممنوعہ-فنڈنگ-کیس-اکبر-ایس-بابر-کا-پی-ٹی-آئی-کی-اپیل-میں-فریق-بننے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org