QR CodeQR Code

فلسطینی شہداء کے لواحقین سے گفتگو کے دوران اسرائیل نے سید حسن نصرالله کی کال منقطع کردی

18 Aug 2022 12:21

صیہونی فوجیوں کی گولی کا شکار ہونیوالے فلسطینی تحریک "الفتح" کے عسکری ونگ کتائب الاقصیٰ کے ایک کمانڈر "ابراہیم النابلسی" کے لواحقین سے حزب‌ الله لبنان کے سربراہ نے فون کر کے شہید النابلسی کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔


اسلام ٹائمز۔ "کتائب الاقصیٰ" کے ایک شہید کمانڈر کے والد نے خبر دی ہے کہ ان کے بیٹے کی شہادت کے دوسرے دن حزب‌ الله لبنان کے سربراہ نے ان کے خاندان کو فون کیا، لیکن صیہونی اٹیلیجنس ایجنسیز نے ٹیلی فون لائن منقطع کر دی اور ان کے فون کو جلا دیا۔ صیہونی فوجیوں کی گولی کا شکار ہونے والے فلسطینی تحریک "الفتح" کے عسکری ونگ کتائب الاقصیٰ کے ایک کمانڈر "ابراہیم النابلسی" کے لواحقین کو حزب‌ الله لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصرالله نے فون کرکے شہید النابلسی کی شہادت کی مبارکباد اور تعزیت پیش کی۔ شہید النابلسی کے والد علاء النابلسی نے لبنانی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لبنانی مقاومت کی علامت جناب سید حسن نصرالله نے ہمیں فون کیا، تاکہ فلسطینی مقاومت سے منسلک ہمارے بیٹے کی شہادت کی مبارک باد دے سکیں۔ لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اسرائیلی حساس اداروں نے غیر قانونی مداخلت کرتے ہوئے ہماری فون لائن منقطع کر دی، بجلی کے وولٹیج کو بڑھایا، جس سے ہمارا فون جل گیا۔

شہید کے والد نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی مبارک باد ہم تک، حریت پسند فلسطینیوں تک اور دنیا کے تمام آزادی پسندوں تک پہنچ چکی ہے۔ مادر شہید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الله کا لاکھ شکر ہے، ہم لبنانی مقاومت کی علامت جناب سید حسن نصرالله کی فون کال کو اپنے سینوں پر تمغے کی مانند سجائیں گے اور ان شاء‌ الله انہی کے ہاتھوں ہمیں آزادی اور فتح حاصل ہوگی۔ یاد رہے کہ صیہونی فوجیوں نے نو اگست کو مغربی کنارے میں نابلس کے قدیمی ترین محلے پر حملہ کرکے کتائب الاقصیٰ سے تعلق رکھنے والے ابراہیم النابلسی سمیت تین کمانڈروں کو شہید کر دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1009759

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009759/فلسطینی-شہداء-کے-لواحقین-سے-گفتگو-دوران-اسرائیل-نے-سید-حسن-نصرالله-کی-کال-منقطع-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org