QR CodeQR Code

پولیس نے شہباز گِل کا 8 روز کا ریمانڈ مانگ لیا

19 Aug 2022 09:48

اسلام آباد کچہری میں شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کے معاملے پر سماعت ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہباز گِل کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال سے اسلام آباد کچہری پہنچا دیا گیا، پولیس نے ان کے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔ اسلام آباد کچہری میں شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کے معاملے پر سماعت ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان کر رہے ہیں۔ پولیس نے عدالت سے شہباز گِل کے مزید 8 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے دو روزہ جسمانی ریمانڈ ہوا تھا آپ 8 دن کی درخواست کیوں لے آئے؟ عدالت نے پولیس سے سوال کیا کہ آپ شہباز گِل کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کیوں مانگ رہے ہیں؟۔ اس سے قبل جب شہباز گِل کو عدالت لایا گیا تو انہیں ایمبولینس سے اتار کر وہیل چیئر پر بیٹھا کر کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر اُن کا ماسک اترا ہوا تھا، وہ کھانس رہے تھے اور روتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ میرا ماسک لے لیا گیا ہے۔

ڈیوٹی جج کے آنے پر ملزم کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، شہباز گِل کی پیشی کے موقع پر کچہری کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جج کے سامنے پیش کیے جانے سے قبل شہباز گِل کے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں موجود تھے، انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کا بیٹا آیا ہے، وہ ایئرپورٹ گئے ہیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ آج جمعہ ہے، کوشش کریں گے جلدی سماعت ہو جائے، وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ شہباز گِل بیمار ہیں۔ جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ شعیب شاہین آدھے گھنٹے تک پہنچ جائیں گے، جواب میں فیصل چوہدری نے بتایا کہ شعیب شاہین 9 بج کر 15 منٹ تک پہنچ جائیں گے۔ وکیل فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ ملزم کو جیل بھجیں اور ہمیں بھی سونے دیں، جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کتنے بجے تک پیش ہو جائیں گے۔ فیصل چوہدری نے بتایا کہ سوا 9 بجے سے ایک منٹ اوپر نہیں ہو گا، جج نے نائب کورٹ کو ہدایت کی کہ پولیس کو آگاہ کر دیں ملزم کو سوا 9 بجے پیش کیا جائے گا، اس کے بعد ابتدائی طور پر جسمانی ریمانڈ سے متعلق سماعت میں سوا 9 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس پمز اسپتال کے پچھلے دروازے سے شہباز گِل کو لے کر روانہ ہوئی۔ عدالت لے جاتے وقت شہباز گِل نے منہ پر آکسیجن ماسک لگا ہوا تھا۔ واضح رہے کہ پمز اسپتال کے طبی بورڈ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو تندرست، صحت مند اور مکمل فٹ قرار دے دیا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے شہباز گِل کے 10 ٹیسٹ اور 6 ایکسرے کے بعد میڈیکل رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں شہباز گِل کو مکمل طور پر فٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان پر کسی قسم کے تشدد کے ثبوت نہیں ملے، ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق شہباز گِل کسی بھی وقت اسپتال سے ڈسچارج ہو سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1009915

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009915/پولیس-نے-شہباز-گ-ل-کا-8-روز-ریمانڈ-مانگ-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org