QR CodeQR Code

عمان کا اسرائیلی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود کھولنے سے انکار

19 Aug 2022 11:29

صیہونی اخبار نے مزید صراحت کے ساتھ لکھا کہ سعودی عرب سے مشرق کیطرف جانے کیلئے ہمیں یمن اور عمان سے گزرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ عبرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے دباؤ کی وجہ سے عمان نے اسرائیلی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ عبرانی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ عمان نے اسرائیلی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کھولنے کی تجویز کو قبول نہیں کیا ہے۔ عبرانی ذرائع نے عمان کی جانب سے اسرائیلی جہازوں کو اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہ دینے کو ایران سے منسوب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا دباؤ اپنا کام دکھا رہا ہے۔ صیہونی اخبار نے مزید لکھا کہ اس مسئلے کا اب تک کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی مشرق بعید کے لئے پروازوں کیلئے اپنے سفر کو کوتاہ کرنے کی غرض سے سعودی عرب کی فضائی حدود کو استعمال کرنا ممکن نہیں۔ یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد ریاض نے اپنی فضائی حدود صیہونی طیاروں کے لیے کھول دی تھی۔


اُس وقت صیہونی میڈیا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا تھا کہ سعودی فضائی حدود کھولنے کا مطلب تعلقات کو معمول پر لانے اور مشرقی ایشیا کے سفر کے لیے فاصلے کو کم کرنے کا پہلا قدم ہے۔ تاہم عمان کی جانب سے صیہونی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کو کھولنے کی مخالفت نے اسرائیل کی مشرقی ایشیا تک پرواز کے فاصلے کو کم کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ صیہونی اخبار اس بارے میں لکھ چکا ہے کہ عمان کا معاہدہ بہت اہم اور ضروری ہے، کیونکہ اس ملک سے معاہدے کے بغیر سعودی عرب کو عبور کرکے بحر ہند اور وہاں سے مشرق میں دوسرے مقامات تک جانا ممکن نہیں ہے۔ صیہونی اخبار نے مزید صراحت کے ساتھ لکھا کہ سعودی عرب سے مشرق کی طرف جانے کے لیے ہمیں یمن اور عمان سے گزرنا ہوگا، جبکہ جنگ کی وجہ سے یمن کی سرزمین میں پرواز کرنا ممکن نہیں ہے اور اسرائیل کے یمن کے ساتھ تعلقات بھی نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1009928

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1009928/عمان-کا-اسرائیلی-طیاروں-کیلئے-اپنی-فضائی-حدود-کھولنے-سے-انکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org