QR CodeQR Code

سلمان رشدی پر غصہ قابل فہم لیکن حملہ خوفناک اور افسوسناک ہے، عمران خان

19 Aug 2022 20:47

برطانوی اخبار گارڈین میں شائع ہونیوالے ایک انٹرویو کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ رشدی سمجھ گئے تھے کہ (انکی کتاب کیوں دل شکن تھی) کیونکہ وہ ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، وہ ہمارے دلوں میں بسنے والے پیغمبر اسلامؐ کی محبت، احترام، تعظیم کو جانتے ہیں، وہ یہ سب جانتے تھے، اس لئے (انکی کتاب پر) غم و غصہ تو قابل فہم ہے، لیکن جو ہوا وہ اسکا جواز نہیں ہوسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان گذشتہ دنوں ملعون سلمان رشدی پر ہونیوالے حملے کو افسوسناک قرار دینے والے دنیا کے پہلے مسلمان رہنماء بن گئے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ متنازع مصنف سلمان رشدی پر غصہ قابل فہم ہے، لیکن انہوں نے سلمان رشدی پر ہونے والے حملے کو "خوفناک" اور "افسوس ناک" قرار دیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سلمان رشدی کی متنازع کتاب پر مسلمان دنیا کا غصہ قابل فہم ہے، لیکن یہ ان پر حملے کا جواز نہیں ہوسکتا۔ برطانوی اخبار دا گارڈین میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو کے مطابق جب نیویارک میں سلمان رشدی پر چاقو کے حملے کے بارے میں ان سے ردعمل پوچھا گیا تو عمران خان نے کہا کہ میرے خیال میں یہ خوفناک اور افسوس ناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رشدی سمجھ گئے تھے کہ (ان کی کتاب کیوں دل شکن تھی) کیونکہ وہ ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، وہ ہمارے دلوں میں بسنے والے پیغمبر اسلامؐ کی محبت، احترام، تعظیم کو جانتے ہیں، وہ یہ سب جانتے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ اس لئے (ان کی کتاب پر) غم و غصہ تو قابل فہم، لیکن جو ہوا، وہ اس کا جواز نہیں ہوسکتا۔

یاد رہے کہ عمران خان نے 10 سال قبل انڈیا میں ایک پروگرام میں شرکت سے معذرت کر لی تھی، کیونکہ سلمان رشدی بھی اُس تقریب میں شامل تھے، جن کے ساتھ وہ اسٹیج پر نہیں بیٹھنا چاہتے تھے۔ انٹرویو کے دوران افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ طالبان کی پابندیوں کے باوجود افغان خواتین سے اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہونے کی توقع رکھتے ہیں۔ تاہم ایک سال پہلے عمران خان نے مغرب میں اور بہت سے افغانوں میں اس وقت غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی، جب انہوں نے طالبان کے اقتدار پر قبضے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غلامی کی زنجیریں توڑیں ہیں۔ گارڈین کو انٹرویو میں سابق پاکستانی وزیراعظم نے مزید کہا کہ بالآخر افغان خواتین اور افغان عوام کو ہی اپنے حقوق کے لئے زور دینا ہوگا، وہ مضبوط لوگ ہیں، لیکن اگر آپ طالبان کو باہر سے دھکیلتے ہیں تو وہ صرف اپنا دفاع کریں گے، وہ صرف بیرونی مداخلت سے نفرت کرتے ہیں۔

عمران خان نے ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے اپنا الزام دہرایا کہ ان کی حکومت کو "بیرونی سازش" کے تحت مقامی کھلاڑیوں کے ذریعے ہٹایا گیا۔ ان کے معاون شہباز گل کو منگل کے روز گرفتار کیا گیا تھا، جن کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ انہیں مارا پیٹا گیا اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ انہیں (گِل کو) یہ کہنے پر مجبور کر رہے ہیں کہ میں نے ہی انہیں یہ (متنازع بیان) دینے کے لئے کہا تھا۔ ان کے بقول کہ وہ شہباز گل کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں، اس سے وہ سب کو پیغام بھیج رہے ہیں، انہوں نے ہمارے کارکنوں کو ڈرایا ہے، سوشل میڈیا کے کارکنوں کو جبری طور پر اٹھایا گیا ہے اور وہ لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
برطانوی اخبار گارڈین کی خبر کا لنک:
https://www.theguardian.com/world/2022/aug/19/salaman-rushdie-attack-was-unjustifiable-says-pakistans-imran-khan


خبر کا کوڈ: 1010005

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1010005/سلمان-رشدی-پر-غصہ-قابل-فہم-لیکن-حملہ-خوفناک-اور-افسوسناک-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org