0
Friday 19 Aug 2022 23:34

ڈی آئی خان، 15 سالہ لڑکی کے پیٹ سے 20 کلو وزنی رسولی نکالنے کا کامیاب آپریشن

ڈی آئی خان، 15 سالہ لڑکی کے پیٹ سے 20 کلو وزنی رسولی نکالنے کا کامیاب آپریشن
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں 15 برس کی بچی کے پیٹ سے 20 کلو گرام کی رسولی کو آپریشن کے ذریعے کامیابی سے نکال لیا گیا۔ سرینا کی عمر 15 سال ہے لیکن اس کے پیٹ میں غیر معمولی طور پر کئی سالوں سے رسولی بھی پل رہی تھی، جو 20 کلو گرام تک بڑھ گئی تھی اور رسولی نے لڑکی کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی۔سرینا کا والد گاؤں کے لوگوں کے ہاتھوں و الزامات سے تنگ آکر اسے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی آئی خان لے آیا لیکن اربوں روپے کے فنڈز، اسمارٹ کارڈ کی سہولت اور ماہر ڈاکٹروں کی موجودگی کے باوجود سرینا بی بی اسپتال انتظامیہ کی توجہ تک حاصل نہ کر سکی۔ والد بیچارہ مرتا کیا نہ کرتا، آدھ موئی بیٹی کی چند سانسیں بچاکر مجبوراً پرائیویٹ اسپتال لے آیا۔

نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مسیحائی فوراً جاگ گئی اور ایم آر آئی ٹیسٹ سمیت دیگر مراحل کو مکمل کر کے چند گھنٹوں میں لڑکی کے پیٹ سے 20 کلو وزنی رسولی نکال کر باہر کر دی گئی۔ سرینا کے والد نے بتایا کے ڈی ایچ کیو ایم ٹی ای ٹیچنگ اسپتال میں ہمیں صرف ایک بستر کی سہولت حاصل رہی لیکن 3 دن تک مرض کی تشخیص کے مراحل تک پورے نہ کیے جا سکے۔ اس بارے جب ڈائریکٹر ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر فرخ جمیل سے رابطہ کیا تو وہ ایسی کسی مریضہ کی موجودگی سے ہی لاعلم تھے تاہم بعدازاں انہوں نے معلومات حاصل کرکے واقعے کی انکوائری کی یقین دہانی کرائی۔

سرینا کی جان تو بچ گئی مگر ہمارے دیہی علاقوں میں کتنے مریض ایسے ہوتے ہیں جو علاج معالجہ سے اس بنیاد پر محروم رہتے ہیں کہ انہیں علاقے کا عطائی ڈاکٹر منع کرتا ہے کہ آپ کسی بھی بڑے اسپتال میں ڈاکٹر کے پاس نہ جائیں کیونکہ آپریشن سے آپ کی جان چلی جائے گی، وہ علاج معالجہ سے محروم رہ جاتے ہیں اور جہان فانی سے کوچ کر جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1010038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش