QR CodeQR Code

بھارت خود کہے گا مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، مذاکرات سے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں، سردار یعقوب

24 Sep 2011 20:41

اسلام ٹائمز:گورنر ہاوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ ہندوستان اگر ایشین ٹائیگر بننا چاہتا ہے تو اسے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبریں بڑھتی جا رہی ہیں، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں نوٹس لیں۔


لاہور:اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان کا کہنا ہے کہ وہ وقت آنے والا ہے جب بھارت خود کہے گا کہ کشمیر کے مسئلے کو حل کیا جائے۔ گورنر ہاوٴس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار یعقوب کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ہندوستان کو ختم نہیں کرنا چاہتے، صرف اپنی آزادی کے خواہاں ہیں کشمیر کی آزادی کے بغیر دنیا اور بالخصوص ایشیا میں امن نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک ملک کی آزادی کا مسئلہ ہے کوئی معاہدہ نہیں جو چند مذاکرات میں حل ہو جائے۔ بھارتی میڈیا پروپیگنڈہ کرتا ہے پاکستان کے کشمیر میں کوئی ٹریننگ کیمپ نہیں۔ کشمیر کا ہر شہری آزادی تک اپنی تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار یعقوب نے کہا ہے کہ وقت بہت جلد آنے والا ہے کے ہندوستان خود مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دے گا۔ گورنر ہاوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یعقوب نے کہا کہ ہندوستان اگر ایشین ٹائیگر بننا چاہتا ہے تو اسے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبریں بڑھتی جا رہی ہیں، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں نوٹس لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو دہلی پر جھنڈے لگانے کے جذباتی نعرے لگانے کا وقت نہیں، مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ٹریننگ کیمپ نہیں، مقبوضہ کشمیر کا جہاد کشمیریوں نے خود شروع کیا، پاکستان کی مداخلت کا الزام جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہندوستان سے آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہیں، الحاق پاکستان یا خود مختار کشمیر کا فیصلہ بعد کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی عوام اور افواج پر فخر ہے، لاہور سمیت بڑے شہروں کے سرمایہ کار آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں، تاکہ بے روزگاری ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لئے اڑھائی کروڑ روپے وزیراعظم کے فنڈ میں جمع کرا دیئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 101177

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/101177/بھارت-خود-کہے-گا-مسئلہ-کشمیر-حل-کیا-جائے-مذاکرات-سے-کا-کرنا-چاہتے-ہیں-سردار-یعقوب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org