QR CodeQR Code

مسلم، ہندو اور ہندوستانیت کے موضوع پر خسرو فاؤنڈیشن کا ایک روزہ سیمینار

17 Sep 2022 15:53

اس سیمینار میں مسلمانوں نے ہندوؤں کے مذہبی گرنتھوں کے جو ترجمے کئے، ان پر جو علمی کام کئے اور ہندوستانی فنون لطیفہ کے ارتقاء میں جو اہم کردار ادا کیا اس پر مقالات پیش کئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ خسرو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے اشتراک سے مسلمان، ہندو اور ہندوستانیت کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا۔ جس کے افتتاحی اجلاس میں مہمانِ خصوصی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر سنجے دویدی تھے اور کلیدی خطبہ مشہور صحافی جناب شمیم طارق نے پیش کیا۔ اس سیمینار کی صدارت حکومتِ میزورم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کے منصب پر فائز شری اجے چودھری نے کی۔ اس سیمینار میں مسلمانوں نے ہندوؤں کے مذہبی گرنتھوں کے جو ترجمے کئے، ان پر جو علمی کام کئے اور ہندوستانی فنون لطیفہ کے ارتقاء میں جو اہم کردار ادا کیا اس پر مقالات پیش کئے گئے۔ مقالات پیش کرنے والوں میں جناب ش کاف نظام، چندربھان خیال، فاروق ارگلی، اجے مالوی، صفدر امام قادری، پروفیسر محمد اقبال، حقانی القاسمی، ڈاکٹر ظفر دارک قاسمی اور جناب کامران واسع کے نام شامل ہیں۔ اس سیمینار کے انعقاد میں سراج الدین قریشی صدر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر سمیت شری روہت کھیڑا اور شری رنجن مکھرجی جو تینوں خسرو فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ہیں نے بھرپور دلچسپی دکھائی اور خسرو فاؤنڈیشن کے چیئرمین پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کہا ہے کہ ہمارے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے اس موضوع پر سیمینار کرنا اس لئے ضروری جانا کہ سماج میں ایک دوسرے کے تئیں ناواقفیت کی وجہ سے جو دوریاں پیدا ہو رہی ہیں وہ کم ہو سکیں۔


خبر کا کوڈ: 1014769

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1014769/مسلم-ہندو-اور-ہندوستانیت-کے-موضوع-پر-خسرو-فاؤنڈیشن-کا-ایک-روزہ-سیمینار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org