0
Monday 26 Sep 2011 09:15

ملکی مفادات کا تحفظ کریں گے نشے میں چورکوئی سپر پاور طاقت پاکستانی قوم کو نیچا دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ملکی مفادات کا تحفظ کریں گے نشے میں چورکوئی سپر پاور طاقت پاکستانی قوم کو نیچا دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
سیالکوٹ:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر ملکی مفادات کا تحفظ کرے گی، کوئی بھی سپر پاور طاقت کے نشے میں چور ہو کر پاکستانی قوم کو دھمکیوں سے نیچا دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔ میڈیا کے ذریعے موصول ہونیوالی دھمکیوں کو پاکستانی قوم اپنی یکجہتی کے ذریعے پاش پاش کر دے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اپنا نقطہ نظر عالمی برادری کے سامنے بھرپور طریقے سے پیش کرے گا۔ حالیہ غلط فہمیاں دہشت گردی کی جنگ میں مشترکہ کاوشوں کو نقصان پہنچا رہی ہے لہذا مسائل کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے تلاش کر کے دہشت گردی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ پاکستان سمیت دیگر اتحادی ممالک کا بھی فرض ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں۔
محدود وسائل کے باوجود حکومت دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کا مقصد دیہی اور شہری علاقوں میں پائے جانیوالے فرق کو دور کرنا ہے۔ دیہی علاقوں میں سوئی گیس،  بجلی، تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر جیسی سہولیات کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے دیہات چک کریم،  ڈونگہ پور بدیاں اور سدھارے وال کو سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کی جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ عالمی دنیا کو پاکستان مخالف رویوں کو پروموٹ کرنے کی بجائے پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا چاہیئے۔ میڈیا کے ذریعے اپنا نقطہ نظر پہنچانے کی بجائے متعلقہ اداروں اور قیادت کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں اور علاقائی امن کو پروان چڑھانے کیلئے دیگر اتحادی ممالک کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کو چاہیئے کہ سندھ کے متاثرین کی مدد کرے اور مخیر حضرات وزیراعظم کے فنڈ میں رقم جمع کرائیں۔
خبر کا کوڈ : 101496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش