0
Monday 19 Sep 2022 14:05

مذاکرات یا امریکیوں سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں، ایرانی قوم کا بھرپور دفاع کرینگے، آیت اللہ رئیسی نیویارک روانہ

مذاکرات یا امریکیوں سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں، ایرانی قوم کا بھرپور دفاع کرینگے، آیت اللہ رئیسی نیویارک روانہ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں شرکت کی خاطر ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی آج صبح امریکی شہر نیویارک کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر تہران میں خبرنگاروں کے ساتھ خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کا یہ دورہ سربراہ اقوام متحدہ کی دعوت پر انجام پا رہا ہے جو اس پلیٹ فارم پر ایران کی جانب سے اپنے عقلی و منطقی موقف کی وضاحت کا ایک بہترین موقع ہے۔ آیت اللہ رئیسی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ اس وقت عالمی سطح کے میڈیا پر بڑی استعماری طاقتوں کا قبضہ ہے لہذا اپنے اصولی موقف کی وضاحت اور عظیم ایرانی قوم پر ہونے والے ظلم و ستم کو بیان کرنے کے لئے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیئے۔
 

آیت اللہ رئیسی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج کا انسانی معاشرہ ظلم و بے عدالتی سے شدید رنج اٹھا رہا ہے تاکید کی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں موجودگی اور اس ظلم و ستم اور بے عدالتی پر روشنی ڈالنا درحقیقت جہاد تبیین کی ہی ایک شکل ہے۔ اس دورے کے اپنے ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران متعدد ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہو گی تاہم امریکیوں کے ساتھ (بلاواسطہ) مذاکرات یا ملاقات اس دورے کے ایجنڈے میں شامل ہے اور نہ ہی ہمارے مدنظر۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم ایرانیوں کے ساتھ ملاقات کو اپنے دورہ نیویارک کا ایک اہم جزو قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کے اس اجلاس میں شرکت اور عالمی سربراہان کے ساتھ ملاقات کا مقصد اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ سیاست کو، عزت، حکمت اور مصلحت کی بنیاد پر آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے پاک خون اور تمام خطرات و پابندیوں کے مقابلے میں عظیم ایرانی قوم کی بھرپور مزاحمت کی برکت سے ہم اس دورے میں باعزت قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے عظیم اسلامی تمدن کی پکار بن کر شریک ہوں گے۔ اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے عظیم ایرانی قوم کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے دنیا بھر کو رنج و ألم میں مبتلاء کر دینے والے ظلم و ستم اور بدعنوانی کا پردہ چاک کریں گے اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ دورہ نہ صرف ہمارے ملک و اسلامی نظام بلکہ دنیا بھر کی تمام مسلم و مستضعف اقوام کے لئے بھی موثر واقع ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 1015115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش