0
Monday 19 Sep 2022 15:42

خرم شیر زمان کا ایڈمنسٹریٹر کراچی کو خط، بدترین انتظامی معاملات پر تشویش کا اظہار

خرم شیر زمان کا ایڈمنسٹریٹر کراچی کو خط، بدترین انتظامی معاملات پر تشویش کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو خط لکھا ہے، جس میں کراچی میں بدترین انتظامی معاملات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ خرم شیر زمان نے خط میں لکھا کہ گلوبل لائیویلبٹی انڈیکس میں 173 شہروں میں سے کراچی 163 نمبر پر ہے، جس کے تحت کراچی کا اسکور 37.5 ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں سے پانچویں نمبر پر شمار ہوتا ہے، کراچی اس ملک کا معاشی حب ہے جو تباہ حالی کا شکار ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ بلدیہ عظمی کی جانب سے سڑکیں، انفرا اسٹرکچر، نالوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کیلئے کیا اقدامات کیے گئے؟ مون سون سے قبل نالوں کی صفائی، سیوریج سسٹم کی بہتری پر کام کیوں نہیں ہوتا؟

پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کچرے کو ٹھکانے لگانے کا سسٹم موجود کیوں نہیں ہے؟ ٹینکر مافیا کے خاتمے کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں؟ خط میں خرم شیر زمان نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے ہریالی کو بڑھانے کے لئے شہر میں کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟ شہر میں ڈینگی زور پکڑ رہا ہے مچھروں کے خاتمے کے لئے مچھر کش اسپرے پر کام کیوں مکمل نہیں؟ انہوں نے کہا کہ فائر اسٹیشن اور فائر ٹینڈرز کی کمی کی وجہ واضح کی جائے، شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات میں کمی کیلئے ادارے نے کیا حکمت عملی بنائی؟ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے خط میں مزید کہا کہ شہر بھر میں سڑک کنارے تجاوزات کیخلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟
خبر کا کوڈ : 1015138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش