QR CodeQR Code

مفتاح اسماعیل منی لانڈرنگ کرتا ہے، ایم کیو ایم غیرت دکھائے، منہ پر مارے حکومت، علی زیدی

20 Sep 2022 22:43

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ انہوں نے کے ایم سی کی کلیکشن کا چارج دے دیا ہے، یہ گن پوائنٹ پر پیسے لے رہے ہیں، یہ بل نہ دیں، تو بجلی کٹ جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سید علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مانتی ہے کہ ہمارے دور میں ان کے زیادہ کام ہوئے، پھر کیوں ان کے ساتھ بیٹھے ہیں؟ غیرت مندی کا مظاہرہ کرے، منہ پر مارے حکومت۔ وہ منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر فردوس شمیم نقوی، ارسلان تاج، بلال غفار و دیگر بھی موجود تھے۔ علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں اس وقت تماشہ لگا ہوا ہے، سندھ کی سرکار نظر نہیں آرہی ہے، لوگوں کی زندگیاں تباہ ہوگئی ہیں، کیمپوں میں ساڑھے چھ لاکھ حاملہ خواتین موجود ہیں، سندھ کے ٹھیکیدار بلاول ساری دنیا میں سوٹ ٹائی لگا کر گھومتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال ایسے ہیں کہ یہ لوگ وہاں اپنے جانوروں کا علاج بھی نہ کرائیں،چیف منشی آصف زرداری کے پیسے گنتا ہے، حکومت گرانے کے لئے آصف زرداری خود لاہور میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت برطانوی سفارت جانے کیلئے ٹھیک ہے، سیلاب زدہ لوگوں میں جانے کے لئے نہیں ہے، لوگ ان کو نفرت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، یہ لوگوں میں جانے سے گھبراتے ہیں، ہم جتنا سندھ کے لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ انہوں نے کے ایم سی کی کلیکشن کا چارج دے دیا ہے، یہ گن پوائنٹ پر پیسے لے رہے ہیں، یہ بل نہ دیں، تو بجلی کٹ جائے گی، کراچی کی سڑکیں برباد ہیں، اسپتال تباہ ہیں، کچرا ہے۔ علی زیدی نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا قاتل، جس پر بے شمار کیسز موجود ہیں، وہ آج کراچی آیا ہے، بہانہ یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے گمشدہ کارکنوں کی تعزیت کے لئے ان کے دفتر جانا ہے، ایم کیو ایم غیرت مندی کا مظاہرہ کرے، منہ پر مارے حکومت۔ رانا ثناء اللہ کو جانا ہے تو تعزیت کے لئے مرنے والوں کے گھروں میں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے نیشنل اسمبلی میں لاپتہ افراد کا قانون جمع کرایا تھا، جنہوں نے اس وقت اس کی مخالفت کی، آج یہ اسی کے ساتھ بیٹھے ہیں، یہ مانتے ہیں کہ ہمارے دور میں ان کے زیادہ کام ہوئے، پھر کیوں ان کے ساتھ بیٹھے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ نہ ان کو فنڈز ملے، نہ مہنگائی کنٹرول ہوئی، نہ کوئی اور کام ہوا، ایم کیو ایم غیرت دکھائے، ان کا ساتھ چھوڑے اور اپوزیشن میں بیٹھے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ کسی کمپنی کا سربراہ دو نمبر ہو تو کمپنی بیٹھ جاتی ہے، میں کہتا ہوں کہ کسی کمپنی کا چیف اکاؤنٹس افسر دو نمبر ہو تو وہ بھی بیٹھ جاتی ہے، مِفتاح اسماعیل اور اس کی کمپنی منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، وہ مجھ پر کیس کرے، وہ کیس اس لئے نہیں کرتا کہ میں وہاں جواب میں ثبوت لے آؤں گا۔


خبر کا کوڈ: 1015354

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1015354/مفتاح-اسماعیل-منی-لانڈرنگ-کرتا-ہے-ایم-کیو-غیرت-دکھائے-منہ-پر-مارے-حکومت-علی-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org