QR CodeQR Code

کے الیکٹرک اور حکومت عوام سے بھتہ وصولی کر رہے ہیں، علامہ صادق جعفری

20 Sep 2022 22:49

ایک بیان میں رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اگر حکومت کا بس چلے تو ملک میں بسنے والے 22 کڑور عوام سے ان کے سانس لینے پر بھی ٹیکس وصول کرلیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے کراچی شہری حکومت اور کے الیکٹرک کی جانب سے حالیہ بجلی بلوں میں کے ایم سی ٹیکس کے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوگئیں ہیں، ایک طرف معاشی بحران اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے تو دوسری جانب ناتجربہ کار حکمرانوں نے اس ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے، روز بروز عوام پر خاموشی سے نئے ٹیکس لگا دیئے جاتے ہیں، عوام سے اربوں روپے اضافی لوٹنے والی کے الیکٹرک مافیا کے ظلم وستم عوام پر بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور شہری حکومت کے ایم سی ٹیکس کے نام پر صارفین سے سالانہ 3 ارب روپے سے زائد مل بانٹ کر وصولیں گے، وزیراعظم کی جانب سے 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اضافی ٹیکس ختم کرنے کے اعلان کو ایک ماہ بھی نہیں ہوا تھا کہ صارفین کیلئے بلوں میں دیا ہوا فی یونٹ سلیب ختم کر دیا گیا اور کے ایم سی ٹیکس لگا کر مزید رقم بڑھاکر عام کو مشکلات میں ڈال دیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا شہر قائد کی عوام کو پہلے ہی سب سے زیادہ مہنگی بجلی فروخت کر رہی ہے اور اب سندھ کی برائے نام شہری حکومت کی جانب سے بلدیاتی ادارے کے ایم سی کے نام پر لوٹ مار کر کے اپنے مافیائی گٹھ جوڑ کو مستحکم کر رہی ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اگر حکومت کا بس چلے تو ملک میں بسنے والے 22 کڑور عوام سے ان کے سانس لینے پر بھی ٹیکس وصول کرلیں۔ انہوں نے صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان، چیئرمین نیپرا سے مطالبہ کیا کہ وہ بجلی بلوں میں حکومت و کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ، کے ایم سی ٹیکس کے نام پر عوام سے اضافی رقم بھتہ وصول کرنے والی مافیا کے خلاف فوری کاروائی کرکے اسے ختم کروائے اور کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں لیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1015355

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1015355/کے-الیکٹرک-اور-حکومت-عوام-سے-بھتہ-وصولی-کر-رہے-ہیں-علامہ-صادق-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org