QR CodeQR Code

ہم نے ملک کی معیشت کو معاہدے کرکے آئی ایم ایف کے حوالےکر دیا، فضل الرحمان

21 Sep 2022 22:01

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا آزمائش کے ماحول میں کسی سیاسی پارٹی پر تنقید نہیں کرونگا، فضائی معائنے سے دیکھا کہ کہیں بھی راستہ نہیں، ہر طرف پانی ہی پانی ہے، حکومت کا بھی فرض ہے کہ جو طیارے امدادی سامان لیکر آرہے ہیں وہ عوام تک پہنچائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے ہم نے ملک کی معیشت کو معاہدے کرکے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے کر دیا۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا آزمائش کے ماحول میں کسی سیاسی پارٹی پر تنقید نہیں کروں گا، فضائی معائنے سے دیکھا کہ کہیں بھی راستہ نہیں، ہر طرف پانی ہی پانی ہے، حکومت کا بھی فرض ہے کہ جو طیارے امدادی سامان لیکر آرہے ہیں وہ عوام تک پہنچائیں۔ ان کا کہنا تھا تمام سماجی تنظیموں کو خدمات پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سڑکوں کی مکمل تعمیر میں وقت لگے گا لیکن حکومتوں کو کہوں گا کہ امداد متاثرین تک پہنچتے ہوئے نظر ضرور آنی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کوشش میں ہے کہ کس طرح مہنگائی پر کنٹرول کریں، سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث بھی مشکلات درپیش ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ادارے آئین کے مطابق فیصلے کریں گے، عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے والی ہے، اس لیے وہ سیاسی شہید بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا ہم نے ملک کی معیشت کو معاہدے کرکے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے کر دیا، جس پارٹی نے ایسا کیا وہ آج کہتی ہے ہم ملک کو آزاد کرائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1015528

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1015528/ہم-نے-ملک-کی-معیشت-کو-معاہدے-کرکے-آئی-ایم-ایف-کے-حوالےکر-دیا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org