0
Wednesday 21 Sep 2022 23:11

منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے، غلام اظفر مہیسر

منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے، غلام اظفر مہیسر
اسلام ٹائمز۔ ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ سٹی نالے میں منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف کارروائی کو وسعت دے کر دیگر علاقوں میں بھی آپریشن کیا جائے گا۔ تاکہ منشیات جیسی لت کو جڑ سے اکھاڑ کر معاشرے کو منشیات سے پاک کیا جائے۔ آپریشن میں پکڑے گئے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ تاکہ وہ صحت مند ہوکر معاشرے کے لیے سود مند شہری ثابت ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے تمام منیشات کی بحالی کے مراکز کے سربراہان کے اجلاس اور سٹی نالے پر قائم کئے گئے چیک پوسٹوں کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مراکز بحالی مریضان منیشات کے سربراہان کے اجلاس میں اداروں کی کارکردگی، علاج و معالجہ، گنجائش، سہولیات، مسائل اور وسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ تاکہ آپریشن میں پکڑے گئے منشیات کے عادی افراد کو بحالی مراکز کے حوالے کرنے اور علاج و معالجہ کا عمل شروع کیا جاسکے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے تمام سربراہان کو سٹی نالے کا دورہ بھی کروایا۔

جہاں انہوں نے چیک پوسٹوں اور نفری کے حوالے سے بتایا کہ پولیس کارروائی کے بعد سٹی نالے کو منشیات کے عادی افراد کا دوبارہ آماجگاہ بننے سے روکنے کے لیے 6 چیک پوسٹس قائم کر دیئے گئے ہیں۔ جس میں 70 پولیس اہلکار مختلف اوقات میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ جبکہ ضرورت پڑنے پر نئے مورچے اور ایک ٹاور چیک پوسٹ بھی بنایا گیا ہے۔ تاکہ سٹی نالے پر مکمل نگرانی رکھی جاسکے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف کارروائی کے بعد بحالی کا عمل جاری ہے، اور اس مسئلہ کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جا رہا ہے۔ جس کے بعد دوسرے مرحلے میں شہر کے دیگر نالوں قدوسی نالہ، سریاب نالہ اور کچلاک میں وسیع پیمانے پر آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے مرکز نزد بلیلی چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں مرکز میں دئیے گئے سہولیات اور دیگر معاملات کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1015540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش