QR CodeQR Code

انسانی حقوق کے بارے مغربی ممالک کا دوہرا معیار، انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے، ایرانی صدر

22 Sep 2022 10:31

نیویارک میں اپنی اقامتگاہ پر فنلینڈ کے اپنے ہم منصب کیساتھ ملاقات میں ایرانی صدر نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران، فنلینڈ سمیت اپنے تمام دوست ممالک کیساتھ دوطرفہ تعاون سمیت ہمہ جانبہ تعلقات میں توسیع کا خواہاں ہے، امریکہ و یورپ کیجانب سے اپنے عہدوپیمان کی کھلی خلاف ورزی کيطرف اشارہ کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کوئی یہ دعوی نہیں کر سکتا کہ ایران کیجانب سے مغربی ممالک سے اپنے عہدوپیمان کی دوبارہ خلاف ورزی نہ کئے جانے پر مبنی قابل اعتماد ضمانت اخذ کرنا غیر منطقی اقدام ہے!


اسلام ٹائمز۔ ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے نیویارک کے اپنے دورے کے تیسرے روز فنلینڈ کے اپنے ہم منصب سائولی وائینامو نینیستو کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ ایرانی صدر کی اقامتگاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں آیت اللہ ڈاکٹر رئیسی نے تہران۔ہیلسنکی تعلقات کو دوستانہ اور روزافزوں قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی موجودہ استعداد کے مطابق ایران و فنلینڈ کے باہمی تعلقات بالاتر سطح تک ترقی کر سکتے ہیں جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی فنلینڈ سمیت تمام دوست ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات و دوطرفہ تعاون میں توسیع پر مبنی ہے۔ ایرانی صدر نے جوہری معاہدے (JCPOA) کے حوالے سے ایرانی موقف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایرانی جوہری معاہدے میں شریک یورپی ممالک کی کھلی عہد شکنی کے بعد آج کوئی یہ دعوی نہیں کر سکتا کہ ایران کیجانب سے مغربی ممالک سے اپنے عہدوپیمان کی دوبارہ خلاف ورزی نہ کئے جانے پر مبنی قابل اعتماد ضمانت اخذ کرنا غیر منطقی اقدام ہے! انہوں نے عہد شکنی کے بعد امریکہ کی جانب سے ایران پر پابندیوں کے نفاذ کو ظالمانہ اور غیرقانونی اقدام قرار دیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کا نفاذ، درحقیقت، تسلط پسند اور حریص ممالک کی جانب سے دوسرے خودمختار ممالک پر اپنی مرضی و رائے تھونپنے کی غرض سے کئے جانے والے فوجی حملے کے ہی مترادف ہے جس پر آج مختلف صورت میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاہم عائد پابندیاں ایرانی پیشرفت کو کبھی روک نہ پائیں جبکہ ہم جنابعالی کو ایرانی دورے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ مختلف علمی، تکنیکی، پیداواری و اقتصادی میدانوں میں ہونے والی پیشرفت کا آپ خود ملاحظہ کر سکیں۔

اپنی گفتگو میں ایرانی صدر نے انسانی حقوق سے متعلق مغربی ممالک کے دوغلے معیار پر بھی شدید تنقید کی اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے دوغلے معیارات اپنانا، بذات خود ہی انسانی حقوق کی عظیم ترین و سنگین ترین خلاف ورزی ہے جیسا کہ خود مغربی ممالک کے حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بہت سے عام شہری، پولیس کی جانب سے طاقت کے غیر قابل توجیہ استعمال کے باعث اپنی جانیں کھو بیٹھتے ہیں تاہم یہ مسئلہ انسانی حقوق کا دعوی کرنے والے ممالک کی پریشانی کا کبھی باعث نہیں بنا! آیت اللہ رئیسی نے اسلامی جمہوری نظام حکومت کی ذات میں شامل انسانی حقوق کے دفاع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اور خود بنی نوع انسان کا دفاع ہمیشہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی سنجیدہ ترجیحات میں شامل رہا ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ افغان عوام کی موجودہ حالت زار امریکہ و نیٹو کی 20 سالہ موجودگی کا نتیجہ ہے جبکہ اس مدت کے دوران صرف تباہی، قتل و غارت اور خونریزی کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا جبکہ 35000 افغان بچوں کا اپاہج ہونا اس موجودگی کے بھیانک اثرات میں سے صرف ایک ہے، انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی صرف قراردادوں کے منظور کرنے سے ہی نہیں روکی جا سکتی بلکہ اس کا حل مسلسل پیروی اور اس کی جڑوں و عوامل کا مکمل خاتمہ ہے۔

دوسری جانب فنلینڈ کے صدر سائولی وائینامو نینیستو نے اس ملاقات کے اہتمام پر اپنے ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ فنلینڈ و ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار ہیں جو روزبروز مزید دوستانہ و وسیع تر ہو رہے ہیں۔ اپنی گفتگو کے آخر میں فنلینڈ کے صدر نے افغان مہاجرین کی وسیع تعداد کی میزبانی اور انہیں سہولیات کی فراہمی پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور یوکرین کے مسئلے میں ثالثی کی درخواست بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 1015577

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1015577/انسانی-حقوق-کے-بارے-مغربی-ممالک-کا-دوہرا-معیار-کی-سب-سے-بڑی-خلاف-ورزی-ہے-ایرانی-صدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org