QR CodeQR Code

اسحق ڈار کو معیشت میں بہتری نہیں، منی لانڈرنگ میں تیزی کیلئے لایا جارہا ہے، اسد عمر

24 Sep 2022 17:37

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کہتی ہے کہ یہ لوگ مہنگائی ختم کرنے آئے ہیں لیکن حکومت پچھلے 6 ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 16 فیصد سے 45 پر لے آئی، مہنگائی میں اتنا زیادہ اضافہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہاہے کہ پاکستان کو درپیش مسائل کو سنبھالنا اس حکومت کے بس کی بات نہیں، وزیراعظم کو سمجھ نہیں آرہا ہے کہ انہیں کرسی پر کیوں بٹھایا گیا ہے، ملک بھر میں فیکٹریاں اور گاڑیاں بنانے کے یونٹس بند ہو رہے ہیں، ان کے کرپشن کے کیسز ختم ہو رہے ہیں، اسحق ڈار کو معیشت ٹھیک کرنے کے لئے نہیں بلکہ منی لانڈرنگ میں تیزی کے لئے لایا جا رہا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کے حوالے سے مقدمے میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ مشہور اینکر پرسن اور صحافی عمران ریاض خان نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ آرمی چیف نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ پاکستان میں معیشت کی تباہی کی وجہ اسحق ڈار کی پالیسی تھی، اب مجھے نہیں لگتا کہ اسحق ڈار کو ملک کی معیشت میں بہتری کے لئے لایا جارہا ہے بلکہ اگر منی لانڈرنگ میں کوئی کمی رہ گئی ہے تو انہیں اس میں تیزی کے لئے لایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر الیکشن سے بھاگ رہی ہے، الیکشن کمیشن نے وہ تمام الیکشن بھی منسوخ کردیئے جہاں سیلاب کا نام و نشان بھی نہیں تھا کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ عمران خان سے سیاسی میدان میں مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو بغیر سوچے سمجھے دیا تھا، ملک میں مہنگائی کا جو پہلے خطرہ منڈلا رہا تھا اس میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، ملک کے مسائل کو سنبھالنا حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کہتی ہے کہ یہ لوگ مہنگائی ختم کرنے آئے ہیں لیکن حکومت پچھلے 6 ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 16 فیصد سے 45 پر لے آئی، مہنگائی میں اتنا زیادہ اضافہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا، مہنگائی کی وجہ سے پاکستان میں فیکٹریاں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہورہی ہے، گاڑیاں بنانے کے کارخانے بند ہورہے ہیں اور ٹیلی فون اسمبلی کے پلانٹ بھی بند ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا ایک کیس کیا ہوا ہے، آئین میں لکھا ہوا ہے الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں پہلے ضمنی الیکشن ملتوی کئے جبکہ اس سے پہلے دو دن بلدیاتی الیکشن سے قبل ملتوی کئے گئے۔ پی ٹی آئی اسد عمر نے سندھ ہائی کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن سے متعلق زیر سماعت کیس میں فوری سماعت کی درخواست دائر کی۔ اسد عمر کی جانب سے حلف نامہ بھی جمع کرایا گیا جبکہ عدالت نے درخواست کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان نے کال دی ہے اور حکومت کے خلاف کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت پاکستان کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بڑے اجتماعات کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1015960

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1015960/اسحق-ڈار-کو-معیشت-میں-بہتری-نہیں-منی-لانڈرنگ-تیزی-کیلئے-لایا-جارہا-ہے-اسد-عمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org