QR CodeQR Code

حضور اکرمؐ کی رحلت اور امام حسنؑ کی شہادت اُمت مسلمہ کیلئے سانحہ سے کم نہیں، علامہ ساجد نقوی

25 Sep 2022 23:56

اپنے پیغام میں ایس یو سی سربراہ نے کہا کہ وصال نبوی کے بعد اہل بیت اطہارؑ نے امت کی تمام معاملات میں رہنمائی کی، عالم انسانیت کے انفرادی، اجتماعی، دینی و دنیاوی مسائل کا حل اہل بیتؑ نے اپنے عمل و کردار سے پیش کیا اور خاتم النبینؐ کے بعد انکے جانشین کے طور پر فرائض انجام دیئے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ خاتم النبین ’رحمت اللعالمین‘ سرور کائنات (ص) انسانیت کیلئے مرکز و محور ہیں اور سول اکرمؐ نے قرآن و سنت کی شکل میں ایسا خزانہ چھوڑا کہ جو آپ کے وصال کے صدیوں بعد بھی عالم انسانیت کی مکمل رہنمائی کررہا ہے اور انسانیت کو ہر میدان میں انفرادی و اجتماعی زندگی گزارنے کا طریقہ اور ترقی کا سلیقہ سکھا رہا ہے، اگر امت مسلمہ بالخصوص اور عالم انسانیت بالعموم حضور اکرمؐ کی سیرت اور فرامین پر عمل کرے تو خطہ ارض سے تمام مشکلات کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وصال نبوی کے بعد اہل بیت اطہارؑ نے امت کی تمام معاملات میں رہنمائی کی، عالم انسانیت کے انفرادی، اجتماعی، روحانی، دینی و دنیاوی مسائل کا حل اہل بیتؑ نے اپنے عمل و کردار سے پیش کیا اور خاتم النبینؐ کے بعد ان کے جانشین کے طور پر فرائص انجام دیئے۔

28 صفر المظفر خاتم المرسلینؐ کے یوم وصال اور نواسہ پیغمبر اکرم حضرت امام حسنؑ کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر ہم خواہشمند ہیں کہ سیرت رسول اکرمؐ کا عملی مشاہدہ کریں اور سنت نبویؐ کی عملی تعبیر و تشریح دیکھیں تو ہمیں سیرت امام حسنؑ کا مطالعہ و مشاہدہ کرنا ہوگا کیونکہ نبی اکرم نے حضرت علیؑ اور سیدہ فاطمہ زہراؑ کے بعد حضرت امام حسنؑ کی تربیت اس نہج پر کی کہ حضرت امام حسنؑ ہر مرحلے، ہر میدان، ہر موڑ اور ہر انداز میں شبیہ پیغمبرؐ نظر آئے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ رسول خداؐ نے اپنی احادیث میں حضرت امام حسن علیہ السلام کی شان و منزلت اور سخاوت و مرتبت کی نشاندہی فرمادی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب حضرت امام حسن علیہ السلام کے دور میں فتنہ و فساد نے سر اٹھایا اور مسلمان ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوگئے تو امامؑ نے اپنے جد امجد کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مسلمانوں کو امن و محبت کا درس دیا اور صلح کا راستہ اپنا کر ثابت کردیا کہ اہل بیت پیغمبرؑ دین اسلام کی نگہبانی کا فریضہ ادا کرنا جانتے ہیں اور کسی صورت بھی اسلام کے حصے بخرے ہونا گوارہ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پرفتن دور اور سنگین حالات میں ہمیں باہمی فروعی و جزوی اختلافات کو پس پشت ڈال کر سینکڑوں مشترکات کو سامنے رکھتے ہوئے پیغمبر اکرمؐ اور خاندان رسالتؐ کے اسوہ پر عمل پیرا ہوکر امن، محبت، رواداری، تحمل اور برداشت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا اور علم و حلم، عقل و شعور، تدبر و تحمل اور اخوت و یگانگت کی راہ پر چل کر خداوند تعالی اور خاتم الانبیاء کی خوشنودی حاصل کرنا ہوگی، صرف اسی صورت میں دنیوی و اخروی نجات ممکن ہے۔


خبر کا کوڈ: 1016126

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016126/حضور-اکرم-کی-رحلت-اور-امام-حسن-شہادت-ا-مت-مسلمہ-کیلئے-سانحہ-سے-کم-نہیں-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org