0
Monday 26 Sep 2022 15:35

وزیراعظم، وزیراعلیٰ، مشیر داخلہ بلوچستان کا ہیلی کاپٹر حادثہ پر اظہار افسوس

وزیراعظم، وزیراعلیٰ، مشیر داخلہ بلوچستان کا ہیلی کاپٹر حادثہ پر اظہار افسوس
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور مشیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے ہرنائی میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ اور فوجی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہرنائی بلوچستان میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 6 فوجی اہلکاروں کی شہادت پر دل شدید دکھی اور رنجیدہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم غمزدہ اور لواحقین کے دکھ میں شریک ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں پاک فوج کے دو افسران اور 4 اہلکاروں کی شہادت پر دلی دکھ ہوا۔ شہداء کے خاندانوں کے غم میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنا پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے۔ فرائض کی ادائیگی کے دوران جانیں قربان کرنے والے شہداء قوم کی شان ہیں۔ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ قدوس بزنجو نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

بلوچستان کے صوبائی مشیر داخلہ ضیاء لانگو نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرا رنج و غم ہوا۔ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہادتیں فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے ہوئیں۔ پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 1016215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش