QR CodeQR Code

اسٹریٹ کرائمز کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ ہے، پولیس چیف کا اعتراف

26 Sep 2022 18:40

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ اللہ والا ٹاؤن میں کار اٹھانے کے واقعے میں ملوث پولیس موبائل کی نشاندہی ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہر قائد میں بڑھتے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کو کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی کے حوالے سے میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی پورے ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، میرا ایمان ہے کہ کراچی کی تاجر برادری ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں، دونوں مل کر اسٹریٹ کرائمز کا قلع قمع کریں گے، کراچی میں پولیس نے 6600 کرمنلز گرفتار کیے ہیں، شہر میں اس وقت صرف 42 ہزار نفری موجود ہے، مزید بھرتیاں کرنی ہیں، جس کی سندھ حکومت نے اجازت دیدی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی نے اہالیان کراچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کی خدمت کیلئے پولیس کی نوکری میں دلچسپی ظاہر کریں، صوبائی حکومت جلد کراچی پولیس کو نئی گاڑیاں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ڈیٹا کے مطابق کراچی میں کرائم کا درجہ 106 سے گھٹ کر 128 نمبر پر آیا ہے۔ گاڑی چوری کے تازہ واقعے پر انہوں نے کہا کہ اللہ والا ٹاؤن میں کار اٹھانے کے واقعے میں ملوث پولیس موبائل کی نشاندہی ہوگئی ہے، فوٹیج میں آنے والی موبائل اے سی ایل سی کی ہے، سادہ کپڑوں میں کارروائی کرنے والے اہلکاروں پر جرائم پیشہ عناصر ہونے کا شبہہ ہوتا ہے، واقعہ میں پولیس کوتاہی کی تحقیقات کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1016246

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016246/اسٹریٹ-کرائمز-کراچی-میں-سب-سے-بڑا-مسئلہ-ہے-پولیس-چیف-کا-اعتراف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org