QR CodeQR Code

سیلاب متاثرین کی امداد سرعام بازاروں میں بک رہی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

26 Sep 2022 20:18

جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کہیں نظر نہیں آ رہی، شہری کئی دن سے فریاد کر رہے ہیں مگر کوئی نکاسی آب کے لئے پروگرام نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے متاثرین سیلاب، شیعہ سنی اکابرین اور سیاسی سماجی اور مذہبی رہنماؤں کے ہمراہ مدرسہ خاتم النبیینؐ جیکب آباد میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ متاثرین سیلاب حکومتی امداد کے منتظر ہیں مگر حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی ہے، متاثرین کی امداد سرعام بازاروں میں بک رہی ہے، اسسٹنٹ کمشنر کی یہ وضاحت کہ سیلاب متاثرین کا امدادی سامان بیچ کر ہم کچھ اور خریدنا چاہتے تھے شرمناک ہے، بیوروکریسی اور حکومت عوام کو روزانہ کی بنیاد پر پریس ریلیز جاری کرکے بتائیں کہ متاثرین کے لئے کتنی امداد آئی اور کہاں تقسیم ہوئی حکومت اور انتظامیہ کی مسلسل خاموشی اور مارکیٹ میں امدادی سامان بکنے نے متعدد سوالات کو جنم دیا ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کہیں نظر نہیں آ رہی، شہری کئی دن سے فریاد کر رہے ہیں مگر کوئی نکاسی آب کے لئے پروگرام نہیں، مسلسل وعدوں کے باوجود حکومت میونسپل انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز نے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے بھی کوئی اقدام نہیں کیا، جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے بہادر کارکنوں نے جذبہ حب الوطنی اور خدمت خلق کے تحت متاثرین سیلاب کے لئے بے لوث خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر متاثرین سیلاب سادات اور مستحقین میں راشن کپڑے مچھر دانیاں چپل اور ٹینٹ تقسیم کئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 1016260

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016260/سیلاب-متاثرین-کی-امداد-سرعام-بازاروں-میں-بک-رہی-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org