0
Tuesday 27 Sep 2022 18:36
جب تک زندہ ہوں، انکا مقابلہ کرونگا

انصاف کے نظام اور نہ ملکی محافظوں نے اسحاق ڈار کا راستہ روکا، عمران خان

نواز شریف نے میڈیکل رپورٹ میں بھی دو نمبری کی ہوئی تھی، یہ کوئی بھی کام ایمانداری سے نہیں کرتے
انصاف کے نظام اور نہ ملکی محافظوں نے اسحاق ڈار کا راستہ روکا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار این آر او اور ڈیل کے تحت پاکستان پہنچے ہیں۔ نہ انصاف کے نظام اور نہ ملک کے محافظوں نے اس کا راستہ روکا۔ شریف فیملی پیسے بنانے کیلئے چوری سے مشینری امپورٹ کر رہی ہے۔ انصاف اسٹوڈنٹس اور یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان مستقبل کے لیڈر ہیں، لا الہ الا اللہ میری طاقت ہے۔ حقیقی آزادی کے لیے پوری قوم کو نکالوں گا، امید ہے کہ یہ آخری مارچ ہوگا، اس کے بعد امپورٹڈ حکمرانوں کو گھرجانا ہوگا، ہم کسی سے خوفزدہ نہیں، ظالم بزدل ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب قوم نکلے گی تو چوروں کو چھپنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ہم مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ آزادی کے لیے نکلیں گے۔ امپورٹڈ وزیر داخلہ کی کوئی تدبیر اس کے کام نہیں آئے گی۔ ایک خود دار قوم دوستی سب سے کرتی ہے مگر اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکتی۔

اس سے قبل علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار این آر او اور ڈیل کے تحت پاکستان پہنچے ہیں۔ نہ انصاف کے نظام اور نہ ملک کے محافظوں نے اس (اسحاق ڈار) کا راستہ روکا۔ ہماری بڑی بدقسمتی ہے کہ ہمارا نہ انصاف کا نظام ان کو روک سکا اور نہ ہمارے وہ لوگ جو ملک کے محافظ بنتے ہیں، نہ انہوں نے اس کا راستہ روکا اور کون روکے گا، ان شاء اللہ آپ کا بھائی عمران خان اس کا راستہ روکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا منشی جو وزیراعظم کے جہاز پر بیٹھ کر بھاگ گیا تھا، آج ملک کا وزیر خزانہ بننے جا رہا ہے۔ جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور انصاف نہ ہو، وہ جانوروں کا معاشرہ ہوتا ہے۔ مغرب میں یہ تصور نہیں کہ ایک مفرور اور مجرم باہر بیٹھ کر ملک کے فیصلے کرے۔ عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی خدمت کرنے نہیں آئی بلکہ اپنے کیسز ختم کرنے آئی ہے۔ چھ مہینے پہلے چھ فیصد پر معیشت ترقی کر رہی تھی، آج وہ ترقی نیچے آگئی ہے۔ 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں آئی ہے۔

پشاور میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جو پاکستان کے ساتھ ہوا، وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا تھا، سترہ سال بعد اکنامک سروے کے مطابق پاکستان میں 6 فیصد گروتھ ہو رہی تھی، ایکسپورٹ پر توجہ دینے والے ممالک ہم سے آگے نکل گئے، جب سے دو مافیا خاندان آئے بھارت، بنگلا دیش پاکستان سے آگے نکل گئے، 60 کی دہائی میں غریب ممالک پاکستان کے ماڈل کو فالو کرتے تھے، جب سے یہ دو خاندان آئے ملک مقروض اور یہ امیر ہوتے گئے، 60 کی دہائی میں ملک کی انڈسٹریری تیزی سے بڑھ رہی تھی، پہلی دفعہ ہماری حکومت میں انڈسٹریز میں11فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود ہماری ایکسپورٹ بڑھ رہی تھی، کورونا کے باوجود معاشی حالات بہتر ہو رہے تھے، ہمارے دور میں ریکارڈ 32 ارب ڈالر ایکسپورٹ تھی، ہمارے دور میں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ملک آگے بڑھ رہا تھا، اس دوران بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا۔

آج پاکستان میں پچاس سالہ مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، ہمارے دور میں 16 روپے فی یونٹ آج 45 روپے تک پہنچ گیا، تنخواہ دار طبقے کے لیے قیامت آچکی ہے، میرا سوال ہے کونسی قیامت آئی تھی، اب ملک میں ہر چیز مہنگی ہوگئی، عالمی مارکیٹ میں آج گھی کی قیمتیں کم ہوچکی ہیں، ہمارے دور میں 55 روپے اور آج 120 روپے کلو تک چلا گیا، ہمارے دور میں 100 روپے اور آج چاول 220 فی کلو ہوگیا، فیصل آباد میں 20 فیصد انڈسٹریز بند ہوچکی ہے، ہمارے دور میں فیصل آباد میں انڈسٹریز چل رہی تھی، مزدور نہیں مل رہے تھے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے تاجروں کو حقیقی آزادی کی تحریک میں شامل کرنے آیا ہوں، اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے میری کال کا انتظار کرنا ہے، نمبر ون بھگوڑا بیماری کا جھوٹ بول کر باہر گیا، نواز شریف نے میڈیکل رپورٹ میں بھی دو نمبری کی ہوئی تھی، یہ کوئی بھی کام ایمانداری سے نہیں کرتے۔

نواز شریف کی بیٹی سیدھی منہ سے جھوٹ بولتی ہیں، یہ سارے چور ملک کا پیسہ لوٹ کر باہر بھاگ جاتے ہیں، این آر او ڈیل ہوتی ہے تو ملک میں پھر واپس آجاتے ہیں، شہباز شریف چیری بلاسم کی آڈیو ٹیپ آئی ہے، شہباز شریف بھارت سے مریم نواز کے داماد کے لیے مشینری منگوا رہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، پیسہ لوٹتے ہیں، باہر چلے جاتے ہیں، این ار او لیتے ہیں، پھر آکر لوٹتے ہیں، یہ صرف پیسے بنانے کے لیے چوری سے مشینری امپورٹ کر رہے ہیں، ابھی آڈیو لیکس میں اور چیزیں بھی سامنے آئینگی، ان کے خلاف پاکستانی قوم نے میرے ساتھ ہونا ہے، جب تک زندہ ہوں، ان کا مقابلہ کرونگا۔
خبر کا کوڈ : 1016434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش