0
Tuesday 27 Sep 2022 20:40

پیر اعجاز ہاشمی سے مخدوم احمد محمود کی ملاقات، سیاسی تعاون کے امکانات پر گفتگو

پیر اعجاز ہاشمی سے مخدوم احمد محمود کی ملاقات، سیاسی تعاون کے امکانات پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی اور سابق گورنر و پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور اتحادی حکومت کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی اور جے یو پی کے درمیان آئندہ سیاسی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ جمہوری قوتوں کو مل کر ملکی سلامتی اور جمہوریت کو درپیش خطرات کے مقابلے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا چاہیئے۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات میں مہنگائی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ عمران خان نیازی کی ساڑھے تین سالہ حکومت نے قوم کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔ آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدے اور گذشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث آج پاکستان مہنگائی کا شکار ہے۔ رہنماوں میں اتفاق پایا گیا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے، اس کا سدباب نہ کیا گیا تو اس کے منفی اثرات ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

پیر اعجاز ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ عمران خان ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے، اس کی ریاستی اداروں، الیکشن کمشن اور عدلیہ پر تنقید ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکی ہے، اسے نہ روکا گیا تو بنگلہ دیش جیسا کوئی سانحہ رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان کے سامنے کی بات ہے کہ مشرقی پاکستان کے علیحدگی پسند سیاستدانوں نے تعلیمی اداروں کے طلباء کے ذہنوں کو آلودہ کیا، جس سے ملک اور فوج کیخلاف نفرت پیدا ہوئی۔ آج عمران خان بھی اسی طرح کا کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔ یہ اس کی بیوقوفی ہے یا سازش اس کا اندازہ قومی ریاستی اداروں کو کرنا چاہیئے اور سیاسی جماعتوں کو اس کا ادراک ہونا چاہیئے۔ سیاست میں نفرت کو فروغ دینے والا عمران خان ہے۔

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا سابق وزیراعظم کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں خطاب سراسر سیاسی اور نفرت پر مبنی تھا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیخلاف مادر علمی کو سیاسی اکھاڑہ بنانے پر تادیبی کارروائی کرنی چاہیئے۔ یونیورسٹی کے چانسلر اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا صرف نوٹس لینا ہی کافی نہیں۔ اس کیخلاف تادیبی کارروائی ہونی چاہیئے۔ نفرت کی سیاست پر مبنی روایات ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہوں گی۔ مخدوم احمد محمود نے کہا کہ عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا گیا۔ عمران خان مسلسل جھوٹ بول کر اسے سچ ثابت کرنا چاہتے ہیں، لیکن قوم کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ البتہ ناپختہ ذہن کے نوجوان اس کے فتنے سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اس وقت جو معاشرے میں تلخی موجود ہے، اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ مخدوم احمد محمود نے کہا جمہوری قوتوں کو سیاست میں شائستگی کو فروغ دینے اور فتنہ عمرانیہ کا قلع قمع کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1016444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش