0
Tuesday 27 Sep 2022 20:51

منہاج القرآن کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالا گیا

منہاج القرآن کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالا گیا
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں عزیز بھٹی ٹاؤن سے عظیم الشان مشعل بردار جلوس نکالا گیا۔ مغلپورہ چوک سے شالامار چوک تک نکالے گئے مشعل بردار جلوس کے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگاے گئے تھے۔ شالامار لنک روڈ کے تاجروں نے جلوس کا استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، بلند آواز میں سرکار کی آمد مرحبا، مرحبا، سیدی مرشدی یانبی یانبی کے نعرے لگائے۔ مشعل بردار جلوس کے راستے میں دونوں اطراف محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے حوالے سے بینرز لگے ہوئے تھے، مشعل بردار جلوس میں خوبصورتی سے سجائے گئے اونٹوں، بگھیوں اور بیل گاڑیوں پر عربی لباس پہنے ننھے بچے بچیاں اور بزرگ دف پر ”طلع البدر علینا“ اور بلند آواز سے درود پاک پڑھ کر فضا کو معطر کر رہے تھے۔

شرکائے جلوس نے الیکٹرک مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔ جلوس کے راستے میں کئی مقامات پر پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔ جلوس کی قیادت نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس، صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، صدر منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن شہباز حسین قادری، ناظم اسلم پرویز قادری کر رہے تھے۔ مشعل بردار جلوس میں صدر انجمن تاجران شالیمار لنک روڈ، صدر سوئیکارنو بازار میاں اعجاز چن، شیخ حامد، محمد اظہر چودھری، چودھری عبدالجلیل، چودھری محمد اسلم، پیر سید انعام اللہ گیلانی، پیر سید گلزار شاہ قادری، شیخ آصف رفیق سمیت عزیز بھٹی ٹاؤن اور شالیمار لنک روڈ کی تاجر برادری اور ان کے نمائندے شریک تھے۔مشعل بردار جلوس میں قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا استقبال ربیع الاول کے حوالے سے آڈیو پیغام سنایا گیا۔

ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے مبارک ماہ کا آغاز مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا احساس لے کر آتا ہے۔ میلاد کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے وابستگان اور کارکنان پوری دنیا میں محافل میلاد کا انعقاد کر کے دنیا کو امن، سلامتی، محبت، برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیں۔ مشعل بردار جلوس میں محمد ظہیر عباس بلالی سمیت ملک کے نامور نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ علامہ رانا محمد ادریس، رانا نفیس حسین قادری، نور اللہ صدیقی اور منہاج القرآن علما کونسل کے رہنماؤں نے جلوس کے راستے میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان پر منعقد ہونیوالی 39ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

رہنماؤں نے کہاکہ ربیع الاول کا مہینہ خوشیوں، رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ محسن انسانیت حضور نبی اکرم  ﷺ کی ولادت پاک کی خوشی دنیا جہان کی خوشیوں سے بلند تر اور برتر ہے۔ دریں اثنا تحریک منہاج القرآن  پی پی 154 سے 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ شالا مار ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، واہگہ ٹاؤن، رائے ونڈ، سمن آباد، مناواں، جلو موڑ، چونگی امر سدھو، داروغہ والا، اقبال ٹاؤن سے بھی استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1016446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش