QR CodeQR Code

وفاق و صوبے کے درمیان ٹکراؤ کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، سردار حسین بابک

28 Sep 2022 00:08

 اے این پی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی کے باعث خیبر پختونخوا میں پیدا ہونے والے بحران کا فی الفور حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، صوبہ کے عوام تاریخ کا مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے خیبر پختونخوا میں آٹے کی قلت اور بحران کا ذمہ دار صوبائی حکومت کو قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی کے باعث خیبر پختونخوا میں پیدا ہونے والے بحران کا فی الفور حل تلاش کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خبر پختونخوا اور پنجاب میں پی آئی آئی کی حکومت ہے لیکن حکومت اس عوامی نوعیت کے مسئلہ کو حل کرنے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی، حکمرانوں کو پنجاب سے اس معاملے پر بات کر کے آٹے کا مسئلہ فوری حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے ترسیل کی بندش کے بعد سے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا اور اس وقت صوبے کے عوام تاریخ کا مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

سردار حسین بابک نے کہا کہ پختونخوا کے ساتھ ہمیشہ سے زیادتیاں کی گئی ہیں، لیکن صوبے میں 9 سال سے براجمان حکمرانوں نے خیبر پختونخوا کے مسائل کو پس پشت ڈالے رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آ گئی ہے عوام پوچھتے ہیں کہ صوبے میں سالہا سال سے اقتدار کے مزے لینے والے مہنگائی پر احتجاج کس کے خلاف کر رہے ہیں؟ اسمبلیاں چھوڑ کر سڑکوں پر احتجاج کرنے سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جانب چشمہ رائٹ بنک کینال نہ ہونے کی وجہ سے جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ اراضی بنجر پڑی ہے لیکن اس جانب کوئی توجہ دینے کو تیار نہیں، یہی صورتحال رہی تو غذائی بحران جنم لے سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1016464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016464/وفاق-صوبے-کے-درمیان-ٹکراؤ-کا-خمیازہ-عوام-بھگت-رہے-ہیں-سردار-حسین-بابک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org