QR CodeQR Code

امریکی سفیر کی لاہور میں مصروفیات، واہگہ بارڈر پر یڈ اور پاک انگلینڈ میچ بھی دیکھا

28 Sep 2022 21:00

وومن چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ بلوم کا مزید کہنا تھا کہ کیریئر کونسلنگ کے نتیجے میں 9000 نوجوانوں کیلئے ملازمت اور کاروبار کے مواقع پیدا ہوئے اور حال ہی میں یو ایس ایڈ پروگرام نے پاکستان کے 18 اضلاع میں تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار خواتین کی مدد کی ہے۔ وومن چیمبر کی تقریب کے بعد امریکی سفیر قذافی سٹیڈیم پہنچے اور پاک انگلینڈ میچ دیکھا۔ 


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے لاہور میں ڈیرے ہیں۔ امریکی سفیر نے آج لاہور میں تیسرا دن بہت مصروف گزارا۔ امریکی سفیر نے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا اور رینجرز حکام کیساتھ پاکستانی پویلین میں بیٹھ کر پریڈ دیکھی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم پاکستانی شہریوں کے درمیان واہگہ بارڈر پر پریڈ کی پروقار تقریب دیکھ کر خوب محظوظ ہوتے رہے۔ امریکی سفیر نے پریڈ کے نظارے کے بعد رینجرز کے جوانوں کیساتھ تصاویر بنوائیں، واہگہ گیٹ کے سامنے رینجرز حکام کیساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر رینجرز حکام کی جانب سے امریکی سفیر کو واہگہ بارڈر کا پورٹریٹ بھی تحفہ کے طور پر پیش کیا گیا۔ امریکی سفیر نے واہگہ بارڈر کے دورے کے دوران پریڈ میں شرکت کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی شیئر کیں۔

بعدازاں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پنجاب ویمن چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور پنجاب ویمن چیمبر آف کامرس کی موجودہ اور سابق صدور اور دیگر کاروباری خواتین سے ملاقاتیں کیں۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ معاشی خوشحالی کیلئے صنفی مساوات ایک بنیادی چیز ہے اور معاشی ترقی و جمہوریت کی کامیابی اور سیاسی استحکام اور پوری دنیا میں قوم کی سلامتی کیلئے ضروری ہے کہ صنفی مساوات کو یقینی بنایا جائے۔ امریکی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کاروبار، انٹر پرینیور شپ کے اقدامات اور دیگر پروگرام کے ذریعے اقتصادی شعبے میں خواتین کی شمولیت کی حمایت کرتا ہے۔

وومن چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ بلوم کا مزید کہنا تھا کہ کیریئر کونسلنگ کے نتیجے میں 9000 نوجوانوں کیلئے ملازمت اور کاروبار کے مواقع پیدا ہوئے اور حال ہی میں یو ایس ایڈ پروگرام نے پاکستان کے 18 اضلاع میں تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار خواتین کی مدد کی ہے۔ وومن چیمبر کی تقریب کے بعد امریکی سفیر قذافی سٹیڈیم پہنچے اور پاک انگلینڈ میچ دیکھا۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزابی اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی اس موقع پر میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں موجود تھے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی بیٹنگ دیکھ کر لطف آیا تھا۔ 


خبر کا کوڈ: 1016517

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016517/امریکی-سفیر-کی-لاہور-میں-مصروفیات-واہگہ-بارڈر-پر-یڈ-اور-پاک-انگلینڈ-میچ-بھی-دیکھا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org