QR CodeQR Code

تفتان، لیویز اور ایف سی میں تلخ کلامی، ڈی سی چاغی اور اے سی تفتان معطل

28 Sep 2022 13:51

سرحد پر ایف سی کیجانب سے نامناسب رویہ پر لیویز نے ایف سی پر بندوق تان لی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی انسپکشن ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لیویز فورس اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان تفتان کی سرحد پر تلخ کلامی کے معاملے کے بعد چیف سیکرٹری بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر چاغی اور اسسٹنٹ کمشنر تفتان کو معطل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف سی حکام کی جانب سے انکے خلاف شکایت کی گئی تھی۔ محکمہ امور نظم و نسق بلوچستان نے دونوں افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کے ایک افسر کے پاس ایران جانے کی راہداری موجود تھی، اس کے باوجود ایف سی حکام نے سرکاری افسر کو جانے سے روک لیا۔

راہداری جاری کرنے کا اختیار ڈپٹی کمشنر کے پاس ہے، تاہم ایف سی حکام نے اسے ماننے سے انکار کر دیا۔ جس پر لیویز حکام اور ایف سی حکام کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ایف سی اہلکاروں نے لیویز فورس کے اہلکاروں اور افسر سے نامناسب رویہ اختیار کیا۔ جس پر لیویز اہلکاروں نے ایف سی اہلکاروں پر بندوق تان لی۔ اس واقعہ کے بعد ریلوے کا افسر ایران کی جانب چلا گیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی انسپکشن ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1016559

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016559/تفتان-لیویز-اور-ایف-سی-میں-تلخ-کلامی-ڈی-چاغی-اے-معطل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org