0
Wednesday 28 Sep 2022 19:50

کانگریس ہمیشہ سے فرقہ پرستی کے خلاف رہی ہے، جے رام رمیش

کانگریس ہمیشہ سے فرقہ پرستی کے خلاف رہی ہے، جے رام رمیش
اسلام ٹائمز۔ مودی حکومت کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پانچ سال کی پابندی لگانے کے بعد کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ فرقہ پرستی کے خلاف رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی پالیسی ہمیشہ فرقہ پرستی کے خلاف بغیر کسی خوف اور سمجھوتہ کے لڑنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس نظریے اور ادارے کے خلاف ہیں جو ہمارے معاشرے کو مذہبی طور پر پولرائز کرنے کے لئے تعصب، نفرت، تعصب اور تشدد کا سہارا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترجیحی بنیادوں پر بھارت کی تکثیریت کے تحفظ اور فروغ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان تمام فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف ہیں، انتہا پسند اسلامی تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کو دہشتگردوں کی مالی معاونت اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد پانچ سال کے لئے پابندی لگا دی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف کیرالہ میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں چیف وہپ کوڈیکنل سریش نے اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف آئی پر پابندی لگانا کوئی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آر ایس ایس پر بھی پابندی کا مطالبہ کرتے ہیں، آر ایس ایس پورے ملک میں ہندو فرقہ پرستی کو ہوا دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف آئی اور آر ایس ایس ایک جیسے ہیں، اس لیے حکومت کو دونوں پر پابندی لگانی چاہیئے۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی تشکیل 17 فروری 2007ء کو ہوئی تھی۔ یہ تنظیم جنوبی ہند کی تین مسلم تنظیموں کو ملا کر بنائی گئی تھی۔ ان میں نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف کیرالہ، کرناٹک فورم فار ڈگنیٹی اور تمل ناڈو کی مانیتا نیتی پسارائی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1016614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش