0
Wednesday 28 Sep 2022 19:19

گلگت، زراعت کے فروغ کیلئے 75 کروڑ لاگت کے منصوبوں کا ورک پلان منظور

گلگت، زراعت کے فروغ کیلئے 75 کروڑ لاگت کے منصوبوں کا ورک پلان منظور
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے زراعت، لائیو سٹاک اور ڈیری کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ بلاک الوکیشن سے 75 کروڑ لاگت کے منصوبے کے ورک پلان کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بروقت زرعی شعبے پر توجہ دینا لازمی ہے، ہماری حکومت زراعت، لائیو سٹاک، ڈیری اور فشریز کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ نئی اصلاحات اور منصوبوں سے مقامی زمینداروں اور لائیو سٹاک سے منسلک متوسط طبقے کی زندگی میں خوشحالی آئے گی اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری زراعت کو ہدایت کی کہ زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں خود کفالت کی منزل کو حاصل کرنے کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے منظور کئے جانے والے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ 
 
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی سیکریٹری زراعت کو ہدایت کی کہ مقامی کسانوں کی مشاورت سے گندم کی سپورٹ پرائس کا تعین کریں، حکومت مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری کرے گی تاکہ گندم کاشت کرنے والے کسانو ں کی حوصلہ افزائی ہو۔ سبزیوں، لائیو سٹاک اور گندم کی پیداوار میں اضافے کیلئے مقامی کسانوں کو بھرپور سہولیات فراہم کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ زراعت کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، محکمہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے سٹیرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، ماضی میں اس اہم شعبے کو نظرانداز کیا گیا، ہماری حکومت نے محکمہ زراعت و لائیو سٹاک پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے محکمے کو درکار وسائل فراہم کئے ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے ان نئے اصلاحات اور منصوبوں کے ثمرات سامنے آئیں گے۔
 
 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے بلاک الوکیشن سے منظور کئے جانے والے منصوبے کے تحت مقامی زمینداروں اور کسانوں کو جدید بیج کی فراہمی، سبزیوں کے فروغ کیلئے ٹنلز کی تعمیر، جن لوگوں کا سیلاب میں لائیوسٹاک کا نقصان ہوا ہے ان میں لائیوسٹاک کی فراہمی، مقامی زمینداروں کی معاونت اور تربیت کیلئے خصوصی منصوبے شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1016615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش