QR CodeQR Code

سیلاب سے متاثرہ لاکھوں پاکستانی پریشان ہیں، انکی بحالی ترجیح ہونی چاہیئے، شرجیل میمن

28 Sep 2022 21:09

سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آڈیو لیکس کی فیکٹری کھل گئی ہے، عمران خان کی آڈیو لیکس آنے کے بعد وہ عوام کے سامنے ایکسپوز ہوگئے ہیں، یہ عوام کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس وقت سیلاب سے متاثرہ لاکھوں پاکستانی پریشان ہیں، ان کی بحالی ہم سب کی ترجیح ہونی چاہیئے، ملک میں سب سے بڑا مسئلہ سیلاب متاثرین کی بحالی ہے، یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری قیادت بشمول وزیراعلیٰ سندھ، سندھ کابینہ کے اراکین، ایم پی ایز، ایم این ایز سندھ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے سندھ حکومت نے بڑا اقدام اٹھایا ہے، گذشتہ روز سے سندھ بھر میں 700 مقامات پر عوام کو 65 روپے فی کلوگرام نرخ پر آٹا فراہم کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے شاپس، اسٹال اور موبائل ٹرکوں کے ذریعے عوام کو رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ یقینی بنایا جائے کہ اس کا مس یوز نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی معلومات کے لئے تمام بڑے اخبارات میں 700 سینٹرز کی فہرست اور موبائل نمبرز شائع کئے گئے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرین میں اس وقت 355384 خیمے، 358998 پلاسٹک ترپال، 2676473 مچھر دانیاں، 776313 لٹر منرل واٹر، 49919 کچن سیٹس اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ 950224 خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس کی فیکٹری کھل گئی ہے، عمران خان کی آڈیو لیکس آنے کے بعد وہ عوام کے سامنے ایکسپوز ہوگئے ہیں، یہ عوام کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے، زبردستی گھس بیٹھیے شخص کو لاکر بٹایا گیا، جس نے اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کے لئے ملکی تعلقات کو داؤ پر لگایا، اس شخص نے ملک کو مشکل صورتحال میں دھکیل دیا ہے، یہ ملکی سالمیت کے ساتھ کھیلتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان کو آنے والی آڈیو لیکس کا پہلے کیسے پتہ چلا ہے، اگر وہ وزیراعظم ہوتے تو اس معاملے پر عمران خان کو فوری حراست میں لیتے اور اداروں سے لتر مرواتے تاکہ ان سے پوچھیں کہ ان کو اس بات کا کیسے پتا چلا۔


خبر کا کوڈ: 1016638

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016638/سیلاب-سے-متاثرہ-لاکھوں-پاکستانی-پریشان-ہیں-انکی-بحالی-ترجیح-ہونی-چاہیئے-شرجیل-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org