QR CodeQR Code

سراج الحق کا وزیراعظم ہاوس سے ہونے والی تمام آڈیو لیکس کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

28 Sep 2022 22:53

منصورہ سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ سات دہائیوں سے ملک پر وہی لوگ مسلط ہیں جو اس کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ معیشت کو تباہ کرنے والے معاشی بہتری پر لیکچر دیتے ہیں، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی دونوں نے قرضے لے کر ملک کا بیڑہ غرق کیا اور آئندہ نسلوں کو گروی رکھا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک لیکس کی یلغار میں، ہر روز نیا کنفیوژن پیدا ہو رہا ہے، عیاں ہو گیا کہ ساری سیاست حقائق پر نہیں سازش کی بنیاد پر چل رہی ہے، تمام لیکس کی جوڈیشل انکوائری کی جائے، اسلام آباد تماشا بن گیا، حکمران ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ کرپشن کیسز اور الیکشن کمیشن کے مقدمات میں مطلوب افراد جب تک کلیئر نہ ہو جائیں انھیں پبلک آفس میں کام نہیں کرنا چاہیے۔ ملک کی موجودہ معاشی، سیاسی، سماجی صورت حال کی ذمہ دار پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ہے، دونوں اطراف نے پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانے کی بجائے اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھایا۔ اس وقت حالات یہ ہیں کہ عدالتوں میں انصاف نہیں، ایوانوں میں قانون سازی نہیں، تمام قومی ادارے اپنا اعتماد کھو چکے ہیں۔ ججز کی کانفرنس میں جب ایک جج نے پوچھا کہ کیا آپ لوگ ملک کے عدالتی نظام سے مطمئن ہیں تو ایک نے بھی ہاتھ نہیں اٹھایا۔

سراج الحق نے کہا کہ سات دہائیوں سے ملک پر وہی لوگ مسلط ہیں جو اس کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، معیشت کو تباہ کرنے والے معاشی بہتری پر لیکچر دیتے ہیں، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی دونوں نے قرضے لے کر ملک کا بیڑہ غرق کیا اور آئندہ نسلوں کو گروی رکھا، سودی معیشت اور کرپشن کی وجہ سے ایٹمی طاقت کے حامل واحد اسلامی ملک کے 22کروڑ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، حکمران اپنے اثاثے بڑھا رہے ہیں جب کہ عام آدمی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ملک کو لوٹ کر بیرون ملک محلات بنانے والے، آف شورز کمپنیوں کے مالک، مافیاز اور ٹیکس چور قوم پر مسلط ہیں جنھیں اپنے مفادات کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی غیرسنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ انھیں تین کروڑ تیس لاکھ متاثرین سیلاب کا بھی خیال نہیں۔

 انہی لوگوں کی وجہ سے جمہوریت پر لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے، حکمرانوں کی ناکامی، نامرادی ایک دفعہ نہیں بار بار ثابت ہو چکی ہے۔ بار بار آزمائے ہوئے لوگ بار بار ایکسپوز ہوئے۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں جھوٹ کی سیاست کر رہی ہیں، ان کا ایجنڈا قوم کو لڑا کر اور تقسیم کر کے اپنے اقتدار کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چند سود خور اور کرنسی کے کھیل میں ملوث بنک حکومتی سر پرستی میں ملک کو تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ روپے کی قدر کم کرنے میں بنکوں کا گھناونا کھیل شرمناک ہے، حکومت تحقیقات کرے۔ ڈالر کی قیمت میں مصنوعی اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے ذریعے عوام سے اربوں روپے نچوڑے گئے۔


خبر کا کوڈ: 1016649

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016649/سراج-الحق-کا-وزیراعظم-ہاوس-سے-ہونے-والی-تمام-آڈیو-لیکس-کی-جوڈیشل-انکوائری-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org