QR CodeQR Code

پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر امتناع غیرجمہوری ہے، جماعت اسلامی ہند

29 Sep 2022 07:18

جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے ایک بیان میں کہا کہ جماعت پی ایف آئی اور اس سے جڑے اداروں پر پابندی کے حکومت کے فیصلے پر اپنے عدم اتفاق کا اظہار کرتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ہند نے آج پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر عائد امتناع کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامائی انداز میں اور غیر معتبر دلائل کی بنیاد پر پوری تنظیم کے خلاف کارروائی کرنا غیرمنصفانہ اور غیرجمہوری عمل ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے دیگر کٹر تنظیموں کے خلاف اقدامات نہ کئے جانے پر سوال اٹھایا۔ جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے ایک بیان میں کہا کہ جماعت پی ایف آئی اور اس سے جڑے اداروں پر پابندی کے حکومت کے فیصلے پر اپنے عدم اتفاق کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی آرگنائزیشن پر امتناع عائد کر دینا نہ کوئی حل ہے اور نہ ہی جمہوری سماج میں یہ مناسب عمل معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیموں پر امتناع عائد کرنے کا کلچر بجائے خود دستور کی جانب سے دیئے گئے بنیادی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے اور جمہوری جذبہ اور بنیادی شہری آزادیوں کے منافی قرار پاتا ہے۔

جماعت اسلامی کے صدر نے کہا کہ جماعت نے ہمیشہ کئی امور میں پی ایف آئی کی مخالفت کی ہے لیکن یہ کوئی وجہ نہیں کہ کوئی تنظیم پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس کے کیڈر کو ہراساں کیا جائے۔ پولیس اور نظم و نسق کی ذمہ داری ہیکہ ملک میں لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی فرد قانون شکنی کرتا ہے یا کسی جرم کا ارتکاب کرتا ہے تو اس فرد کو ماخوذ کیا جاسکتا ہے اور قانون کی دفعات کے مطابق اس سے نمٹا جاسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1016690

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016690/پاپولر-فرنٹ-ا-ف-انڈیا-پر-امتناع-غیرجمہوری-ہے-جماعت-اسلامی-ہند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org