QR CodeQR Code

لاہور، استقبال ربیع الاول ایگرز کے زیر اہتمام بچوں کا مشعل بردار جلوس

29 Sep 2022 21:56

استقبال ربیع الاؤل ریلی میں شریک بچوں نے رنگ برنگے خوبصورت لباس پہن رکھے تھے، خوبصورت رنگوں سے لکھے اسم محمد ﷺ والے پلے کارڈز اور گلاب کے پھولوں کے ہار اٹھا رکھے تھے۔ بچوں کی ریلی منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ پر پہنچی تو چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بچوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے، پھولوں کے ہار پہنا کر ریلی کا استقبال کیا۔


اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ایگرز کے زیراہتمام استقبال ربیع الاؤل کے سلسلے میں چھوٹے چھوٹے بچوں اور بچیوں کی مشعل بردار استقبال ربیع الاؤل ریلی نکالی گئی۔ ریلی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ سے شروع ہو کر قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شریک چھوٹے چھوٹے بچوں اور بچیوں نے ہاتھوں میں موم بتیاں اور برقی لائیٹں پکڑ کر آمد مصطفیﷺ  مرحبا مرحبا، سیدی مرشدی یا نبی یا نبیﷺ کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی میں شریک بچے بلند آواز سے درود پاک پڑھ رہے تھے۔ فضائیں درودو سلام سے معطر ہو رہی تھیں۔ چھوٹے چھوٹے معصوم بچے ہاتھوں میں روشن شمعیں اٹھائے نعت کی صورت میں حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ مقدسہ میں گلہائے عقیدت پیش کر رہے تھے۔

استقبال ربیع الاؤل ریلی میں شریک بچوں نے رنگ برنگے خوبصورت لباس پہن رکھے تھے، خوبصورت رنگوں سے لکھے اسم محمد ﷺ والے پلے کارڈز اور گلاب کے پھولوں کے ہار اٹھا رکھے تھے۔ بچوں کی ریلی منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ پر پہنچی تو چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بچوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے، پھولوں کے ہار پہنا کر ریلی کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایگرز کی ٹیم کو بچوں کو استقبالِ ماہِ ربیع الاول ریلی کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی مشعل بردار ریلی اور محفل میلاد النبی ﷺ کے انعقاد کا مقصد انہیں کم عمری میں ہی سیرت طیبہﷺ کے گوشوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کو اللہ تعالیٰ نے میلاد النبیﷺ کی خوشیاں منانے اور گھر، گھر محافلِ میلادِ مصطفیٰﷺ کے انعقاد کی توفیق بخشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچوں، نوجوانوں، مرد وخواتین کے دلوں کو عشقِ مصطفیﷺ کی شمعوں سے روشن کیا ہے۔ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں نبی آخر الزماں ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی جو وجہء تخلیق کائنات ہیں۔ اس موقع پر ریلی میں شریک بچوں نے خوبصورت انداز میں مل کر درود سلام پڑھا تو درو دیوار رنگ و نور میں نہا گئے۔ بچے آمد مصطفی  ﷺ مرحبا مرحبا کے نعرے لگا کر محبت رسول ﷺ کا اظہا ر کررہے تھے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور،صوفی مقصود قادری،عمران ظفر بٹ،نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ،عائشہ مبشر،اُم کلثوم آرش،سعدیہ احمد،باسمہ خالد بھی اس موقع پر موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 1016812

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016812/لاہور-استقبال-ربیع-الاول-ایگرز-کے-زیر-اہتمام-بچوں-کا-مشعل-بردار-جلوس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org