QR CodeQR Code

کردستان میں کوملہ دہشتگردوں کے 50 سے زائد ٹھکانے موجود ہیں، سید جبار المعموری

30 Sep 2022 12:11

میڈیا کیساتھ گفتگو میں الاطار التنسیقی کے مرکزی رہنماء نے عراقی کردستان میں موجود مسلح دہشتگردوں کے دسیوں ٹھکانوں کیجانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی کردستان میں واقع 50 سے زائد ٹھکانوں میں ایران و ترکی کیخلاف برسرپیکار کرد دہشتگرد موجود ہیں


اسلام ٹائمز۔ عراق کی انقلابی سیاسی جماعتوں کے اتحاد الاطار التنسیقی کے مرکزی رہنما سید جبار المعموری نے میڈیا کے ساتھ اپنی گفتگو کے دوران عراقی کردستان میں موجود ایران و ترک مخالف مسلح دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ عرب ای مجلے بغداد الیوم کو انٹرویو دیتے ہوئے سید جبار المعموری نے کہا کہ کردستان کے علاقے میں اس وقت ایران و ترکی کے خلاف برسرپیکار کرد دہشتگردوں کے 50 سے زائد ٹھکانے موجود ہیں جن میں سے اکثر و بیشتر سر تا پا مسلح ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کردستان کی سرزمین پر ان دہشتگردوں کی موجودگی ایران و ترکی کے لئے شدید خطرہ ہے، کہا کہ دہشتگردوں کے ایسے ٹھکانوں کی موجودگی آئین کے خلاف ہے جس کے باعث خطرناک حوادث اور شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

الاطار التنسیقی کے مرکزی رہنماء نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کردستان کی سرزمین پر موجود یہ غیر عراقی دہشتگرد خطرناک جرائم میں ملوث ہیں جن میں منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ متعدد اقتصادی جرائم بھی شامل ہیں لہذا ہم ایک ایسے مسلح و منظم دہشتگرد گروہ کے ساتھ روبرو ہیں کہ جن سے صرف ہمسایوں کو ہی نہیں بلکہ عراق کے مرکزی علاقوں کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے۔ سید جبار المعموری نے اپنی گفتگو کے آخر میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ان دہشتگردوں کے باعث لاحق مہلک خطرات کو مد نظر رکھا جانا چاہیئے، کہا کہ ہمسایہ ممالک کے خلاف معاندانہ اقدامات اور ملکی سرزمین پر ہر قسم کے دہشتگرد ٹھکانوں کی تشکیل کے سدباب پر مبنی آئینی شق پر عملدرآمد ہونا چاہیئے تاکہ ہمسایہ ممالک کے امن و امان کو لاحق خطرات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


خبر کا کوڈ: 1016893

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1016893/کردستان-میں-کوملہ-دہشتگردوں-کے-50-سے-زائد-ٹھکانے-موجود-ہیں-سید-جبار-المعموری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org