0
Saturday 1 Oct 2022 11:35

کراچی، مقابلے میں ہلاک دہشتگرد کوئٹہ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ نکلے

کراچی، مقابلے میں ہلاک دہشتگرد کوئٹہ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ نکلے
اسلام ٹائمز۔ ناردرن بائی پاس کے قریب مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد کوئٹہ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ نکلے۔ ذرائع کے مطابق پولیس مقابلے میں مارے جانے والے دہشتگرد مطلوب ترین تھے اور وہ 2021ء میں کوئٹہ میں ہوٹل پر ہونے والے دھماکے کے ماسٹر  مائنڈ تھے۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ دہشتگردوں سے ملنے والا سی 4 ایکسپلوزو بھاری مقدار میں ہے اور  اس مواد سے 5 خودکش جیکٹس بنائی جا سکتی تھیں۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے گاڑی کے نیچے آئی ای ڈی لگانے والے مقناطیس بھی ملے ہیں جو 5 کلو گرام تک کی آئی ای ڈی کا وزن اٹھا سکتے تھے۔ اس قبل پولیس نے بتایا تھا کہ کراچی کے علاقے تیسر ٹاؤن کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے کے دوران فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام کے مطابق 3 سے 4 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ مقابلے کے دوران 2 دہشت گرد زخمی ہوئے تھے۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ کے مطابق دہشت گرد ٹارگٹ لسٹ میں تھے جن سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ساڑھے 3 بجے سے آپریشن چل رہا تھا، ملزمان نے کافی مزاحمت کی۔ آصف اعجاز شیخ کے مطابق یہ سی ٹی ڈی سندھ اور حساس اداروں کی کارروائی ہے، جس میں 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے اور ان کا نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس حوالے سے انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ دہشت گرد 2 بڑی کارروائیوں کے ماسٹر مائنڈ تھے، دہشتگرد ایک گھر میں تین چار دن سے چھپے ہوئے تھے۔ راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ دہشت گرد مطلوب تھے، ان کا پروفائل بعد میں شیئر کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1017072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش