QR CodeQR Code

پی ٹی آئی چیئرمین نے بیان حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

توہین عدالت کیس، اگر جج سمجھیں کہ ریڈ لائن کراس کی ہے تو معافی مانگنے پر تیار ہوں، عمران خان

1 Oct 2022 14:43

عدالت میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا، ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہیں تھا، 26 سال عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی۔


اسلام ٹائمز۔ توہین عدالت کیس میں عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیان حلفی جمع کرا دیا، جس میں سابق وزیراعظم نے عدالت کو آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی یقین دہانی کرا دی اور کہا ہے کہ عدالت سمجھے تو معافی مانگنے کیلئے تیار ہوں۔ عدالت میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ گذشتہ سماعت پر عدالت کے سامنے جو کہا، اس پر مکمل عمل کروں گا، عدالت اپنے اطمینان کے لیے مزید کچھ کہے تو اس حوالے سے مزید اقدام کے لیے بھی تیار ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر جج سمجھیں کہ ریڈ لائن کراس کی ہے تو معافی مانگنے پر تیار ہوں، گذشتہ سماعت پر عدالت سے معافی مانگی تھی، 22 ستمبر کو عدالت میں دیئے گئے بیان پر قائم ہوں اور اس پر عمل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا، ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہیں تھا، 26 سال عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی۔ عمران خان نے مستقبل میں عدلیہ سے متعلق محتاط رہنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسا کچھ نہیں کروں گا، جس سے عدلیہ کے وقار بالخصوص ماتحت عدلیہ کو نقصان پہنچے۔


خبر کا کوڈ: 1017122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017122/توہین-عدالت-کیس-اگر-جج-سمجھیں-کہ-ریڈ-لائن-کراس-کی-ہے-معافی-مانگنے-پر-تیار-ہوں-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org