0
Saturday 1 Oct 2022 20:04

بلوچستان کی حکومت جاتی ہوئی نظر آرہی ہے، اختر مینگل

بلوچستان کی حکومت جاتی ہوئی نظر آرہی ہے، اختر مینگل
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراختر مینگل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں شامل ہونے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ جمعیت علماء اسلام اور بی این پی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں مولانا صاحب سے ملاقات میں بلوچستان حکومت میں شامل ہونے کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پراتفاق کیا گیا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومت میں جانا بہتر ہے یا نقصان دہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں حکومت جاتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ ایسا نہ ہو کہ ہم بھی جاتے ہوئے میں شمار ہوں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے درمیان گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سرداراختر جان مینگل نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ سیاسی لوگوں میں ملاقاتیں ہونی چاہئے، لیکن وزیراعلیٰ کو بھی مشکل وقت میں ساتھ دینے اور انکی کشتی کو ڈوبنے سے بچانے والوں کا خیال رکھنا ہوگا۔ کہیں انہیں کشتی سے اتار کر وہ خود ہی اسی کشتی میں سوراخ نہ کر بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ہم نے وزیراعظم کو بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن بہت سست روی کا شکار ہے۔

لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت اور لائیوسٹاک سے وابستہ تھا۔ جو حالیہ سیلاب سے تباہ ہوچکا۔ وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ فوری طور پر بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرہ علاقوں کے زمینداروں کے ایک سال کی بجلی کے بل معاف کئے جائیں، تاکہ زمینداروں کو ریلیف ملے اور وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکیں۔ سیلاب اور بارشوں سے صوبے کے زرعی علاقوں میں ٹیوب ویل، سولر اور زرعی زمینیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ وزیراعظم سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں کے حوالے سے جو کمیٹی بنائی گئی تھی اسے فعال کیا جائے۔ اس کے علاوہ فارن اور وفاقی سروسز میں بلوچستان کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئی ہیں اور تاحال ہورہی ہیں انکا فوری ازالہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1017140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش