QR CodeQR Code

مہاتما گاندھی کو قتل کرنے والے نظریہ کیخلاف جنگ جاری ہے، راہل گاندھی

2 Oct 2022 19:23

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’عدم تشدد‘ اور ’جھوٹ‘ کی اس سیاست کے خلاف، بھارت جوڑو ریلی کنیا کماری سے کشمیر تک عدم تشدد اور سوراج کا پیغام پھیلائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ ’بھارت جوڑو ریلی‘ پر نکلے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کے روز مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر بابائے قوم کے قتل کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ نظریات کی جنگ جاری ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اس میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جس طرح گاندھی نے برطانوی راج کے خلاف جنگ لڑی تھی، آج ہم اسی نظریے کے خلاف لڑائی کر رہے ہیں جس نے گاندھی جی کو قتل کیا تھا۔ اس نظریے نے گزشتہ 8 برسوں کے دوران عدم مساوات، تقسیم میں اضافہ کیا ہے اور ہماری مشکل سے حاصل کی گئی آزادی کو زک پہنچائی ہے۔

راہل گاندھی آج کرناٹک کے بدناوالو میں ’بھارت جوڑو ریلی‘ شروع کرنے کے بعد اس کھادی گرام ادیوگ سینٹر پہنچے، جہاں مہاتما گاندھی نے 1927ء میں دورہ کیا تھا۔ اتوار کے روز میڈیا کو جاری ایک بیان میں راہل گاندھی نے کہا کہ ہم ہندوستان کے عظیم فرزند کو یاد کر رہے ہیں اور ان کو سلام پیش کر رہے ہیں۔ ہماری یاد اس حقیقت سے اور بھی پُرجوش ہوگئی ہے کہ ہم بھارت جوڑو یاترا کے 25ویں روز میں داخل ہوگئے ہیں، جس میں ہم ان کے عدم تشدد، اتحاد، مساوات اور انصاف کے راستے پر چل رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’عدم تشدد‘ اور ’جھوٹ‘ کی اس سیاست کے خلاف، بھارت جوڑو ریلی کنیا کماری سے کشمیر تک عدم تشدد اور سوراج کا پیغام پھیلائے گی۔


خبر کا کوڈ: 1017265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017265/مہاتما-گاندھی-کو-قتل-کرنے-والے-نظریہ-کیخلاف-جنگ-جاری-ہے-راہل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org