0
Sunday 2 Oct 2022 19:47

نظام مصطفیٰ ﷺ معاشی، معاشرتی، اقتصادی، سماجی مسائل کا واحد حل ہے، عبدالحق ہاشمی

نظام مصطفیٰ ﷺ معاشی، معاشرتی، اقتصادی، سماجی مسائل کا واحد حل ہے، عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ، احتساب سزا و جزا کا اسلامی نظام قائم ہونے اور لٹیروں کو قرار واقعی سزا دینے سے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی۔ حکومت و اپوزیشن کے لوگ نظام کی تبدیلی مسائل کے حل کے بجائے اپنی اپنی مقدمات ختم اور آئندہ دوبارہ براجمان ہونے کیلئے مصروف عمل ہیں۔ انہیں عوام، عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ مہنگائی بے روزگاری اور بدعنوانی کے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے۔ حل جماعت اسلامی ہے۔ عوام اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ریاست مدینہ کا حقیقی نظام نفاذ کرے گی۔

عوام کو بار بار قومیت، اسلامی نظام اور ریاست مدینہ کے نام پر دھوکہ دیا گیا، لیکن بدقسمتی سے ایک دن بھی ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا۔ جو لمحہ فکریہ اور آئین وعوام سے دھوکہ ہے۔ پاکستان میں نظام مصطفیٰ ﷺ کو نافذ ہونے سے لٹیرے بدعنوان امریکی غلام ڈرتے ہیں۔ جماعت اسلامی ان لٹیروں کے خلاف میدان عمل میں ہے۔ نظام مصطفیٰ ﷺ معاشی، معاشرتی، اقتصادی، سماجی مسائل کا واحد حل ہے۔ اس کے نفاذ سے ہی ملک مہنگائی، بے روزگاری، بے راہ روی کی دلدل سے نکل سکتا ہے اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے اکابرین نے اس ملک میں اسلام کے آفاقی نظام کو نافذ کرنے کے لئے ساری زندگی وقف کر دی۔ ان کی کاؤشوں کے طفیل برصغیر میں ایک اسلامی ریاست معروض الوجود میں آئی۔

جماعت اسلامی مسلسل 75 سالوں سے پاکستان کو صحیح اسلامی ڈگر پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بدقسمتی اور امریکی آشیر باد سے یہاں ہمیشہ ایسے حکمراں آتے رہے ہیں جنہوں نے امریکہ کی غلامی میں سیکولر نظام لانے اور معیشت تباہ کرکے ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں کی ہیں۔ حکومت اور حزب اختلاف دونوں ہوش کے ناخن لیں۔ اب تو حد یہ ہوگئی ہے کہ ٹرانس جینڈر جیسا قانون نافذ کرکے اللہ کے عذاب کو دعوت دی جا رہی ہے۔ حکمران سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی سبق حاصل کرنے کی بجائے اپنے عمل سے مزید اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔ بچے دودھ، غذائی اجناس، ادوایات کیلئے بلک رہے ہیں، جبکہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ حکمراں عوام کی داد رسی کریں اور اپنے آپ کو اللہ کے غضب سے بچائیں۔
خبر کا کوڈ : 1017276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش