QR CodeQR Code

نہتی ہزارہ قوم پر دہشتگردی کا ڈرامہ رچانےکا فوری نوٹس لیا جائے، سید داؤد آغا

2 Oct 2022 20:05

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماء نے کہا کہ ہمسایہ ملک افغانستان میں فاشسٹ طالبان حکومت افغان عوام کی مرضی سے یا عوامی ووٹ اور عوامی امنگوں کے مطابق نہیں۔ غیر جمہوری طریقے سے عالمی قوانین اور جمہوری روایات کے برعکس تمام تر اخلاقی اقدار کے برعکس بزور اسلحہ بدمعاشی سے افغانستان پر زبردستی قابض ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ایگزیکٹیو ممبر سید داؤد آغا نے محمد علی ہزارہ، محمد ایوب، ملک ذیشان حسین سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں ناکام طالبان حکومت کی جانب سے نہتی ہزارہ اور پرامن قوم پر گریٹ گیم نقشے بازی دہشت گردی کا ڈرامہ رچانے کے تمام بہیمانہ اقدامات کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک افغانستان میں طالبان حکومت جو کہ یقیناً یہ فاشسٹ حکومت افغانستان میں افغان عوام کی مرضی سے یا عوامی ووٹ اور عوامی امنگوں کے مطابق نہیں، بلکہ غیر جمہوری طریقے سے عالمی قوانین اور جمہوری روایات کے برعکس تمام تر اخلاقی اقدار کے برعکس بزور اسلحہ بدمعاشی سے افغانستان پر زبردستی قابض ہوئی اور افغانستان کے آئین و دستور کو پامال کرتے ہوئے افغان عوام پر مسلط ہوئی۔ جس کی حکومت یا حکمرانی کو عالمی برادری نے تاحال قبول یا تسلیم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افغان سفارت خانوں میں نمایاں تبدیلی دکھائی دی، چونکہ اچانک پاکستان میں مقیم افغان سفارت خانوں میں افغانستان کا جھنڈا اتار کر طالبان کا جھنڈا بلند کر دیا گیا، جو کہ حیران کن ہے۔ اس پر حکومت پاکستان اور وزارت داخلہ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں مقیم افغان سفارت خانوں میں طالبان کا جھنڈہ بلند ہونے کی وضاحت کی جائے۔ کیا پاکستان نے طالبان حکومت کو تسلیم کر لیا ہے۔ اگر تسلیم کیا ہے تو اس حوالے سے کن بنیادوں اور کن شرائط پر تسلیم کیا گیا۔ حکومت پاکستان کو فوری طور پر عالمی برادری کو آگاہی فراہم کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آقاؤں کے اشارے پر افغانستان میں گریٹ گیم کی پالیسی کے تحت ہزارہ نشین علاقوں کو نام نہاد طالبان حکومت کے سرپرستی میں خودکش دھماکے کروا کر ہزارہ قوم کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں ناکام طالبان حکومت کی جانب سے نہتی ہزارہ اور پرامن قوم پر گریٹ گیم نقشے بازی دہشت گردی کا ڈرامہ رچانے کے تمام بہیمانہ اقدامات کا فوری نوٹس لیا جائے۔ افغانستان سے کئی بار پاکستانی افواج پر حملے کیے جاچکے ہیں اور ہماری پاک فوج کے جوان زخمی اور شہید بھی ہوچکے ہیں، جو کہ طالبان حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کا دہشتگرد اور کالعدم آج کا اچھا حکمران کبھی نہیں بن سکتا۔ طالبان خود افغانستان کی بقاء اور افغان عوام کیلئے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں۔ لہٰذا افغانستان سے طالبان حکومت کا فوری خاتمہ کرکے افغان عوام کی امنگوں کے مطابق عام انتخابات کروا کر تمام اقوام کے نمائندوں پر مشتمل عوامی جمہوری حکومت قائم کی جائے، تاکہ افغانستان کو پرامن بنایا جاسکے۔ پرامن افغانستان میں ہی پرامن پاکستان اور پرامن دنیا کا راز پوشیدہ ہے۔ بیرونی مداخلت فوری طور پر بند ہونی چاہیئے۔ دہشتگرد پالنے کی عالمی روایات کا فوری خاتمہ ہونا چاہیئے۔ اب دنیا میں امن قائم کرنا ہے اور دنیا ترقی کی جانب گامزن ہے۔


خبر کا کوڈ: 1017281

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017281/نہتی-ہزارہ-قوم-پر-دہشتگردی-کا-ڈرامہ-رچانےکا-فوری-نوٹس-لیا-جائے-سید-داؤد-آغا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org