QR CodeQR Code

حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے قومی خزانہ محفوظ ہے نہ توشہ خانہ اور نہ سائفر، سراج الحق

2 Oct 2022 23:49

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کےمرکزی امیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 100 روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بھر کے عوام مراعات یافتہ اور حکمران طبقے کے بیچ سینڈوچ بنے ہوئے ہیں اور حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے قومی خزانہ محفوظ ہے، نہ توشہ خانہ اور نہ سائفر، ساری سیاست جھوٹ اور فریب پر چل رہی ہے، جس میں سچائی کو خوردبین سے بھی تلاش کرنا مشکل ہے، عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 100 روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نیو ایم اے جناح روڈ پر جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ”ورکرز کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اور ڈاکٹر واسع شاکر نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے، عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے، مسئلہ کشمیر، آئی ایم ایف کی غلامی، ایف اے ٹی ایف قوانین اور ٹرانس جینڈر ایکٹ پر یہ سب متفق ہیں، جھگڑا صرف مفادات کے حصول کا ہے، عوام کے مسائل و مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے ان کو کوئی سروکار نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک اور قوم کو بحرانوں سے نکالنے، مسائل کے حل، انصاف کے حصول اور تحفظ، تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی، خاندانی نظام کے استحکام اور بین الاقوامی ساہوکاروں سے نجات اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے صرف ایک راستہ ہے کہ ملک میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نااہلی اور بے حسی کے باعث ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دارلخلافہ مسائل کی آماجگاہ اور جرائم کا گڑھ بن گیا ہے، 14 سال سے سندھ اور کراچی کو پیپلز پارٹی نے یرغمال بنایا ہوا ہے، کراچی میں حکمران پارٹیوں کی بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کی کوششیں ان کی شکست کی واضح علامت ہے، مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے، جو اسلامی نظام کے نفاذ اور عدل و انصاف کی علمبردار ہے۔


خبر کا کوڈ: 1017288

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017288/حکمرانوں-کی-نااہلی-وجہ-سے-قومی-خزانہ-محفوظ-ہے-نہ-توشہ-خانہ-اور-سائفر-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org