QR CodeQR Code

پنجاب کے مقابلے میں خیبر پختونخوا میں آٹے کی دگنی قیمت عمران خان کے دعووں کی نفی ہے، پروفیسر ابراھیم

3 Oct 2022 00:29

پشاور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے قاٸدین کا دعویٰ ہے کہ پی ڈی ایم والے چور ہیں جبکہ پی ڈی ایم کی قیادت کہہ رہی ہے کہ پی ٹی آٸی والے چور ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراھیم خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے قاٸدین کا دعویٰ ہے کہ پی ڈی ایم والے چور ہیں جبکہ پی ڈی ایم کی قیادت کہہ رہی ہے کہ پی ٹی آٸی والے چور ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ دونوں اپنے طرز عمل سے ثابت کرچکے ہیں کہ ایک دوسرے کے بارے میں دونوں سچ ہی کہہ رہے ہیں دونوں جماعتوں نے ملک اور قوم کو مہنگاٸی بے روزگاری اور بدترین کرپشن کے زریعے تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد ابراہیم خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 31 پشاور سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار حاجی محمد اسلم کی انتخابی مہم کے سلسلے میں شاہین مسلم ٹاون اور زرگرآباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوٸے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ایک ہی جماعت تحریک انصاف کی حکومت ہے جو تبدیلی اور دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لیکر اقتدار میں پہنچی ہے لیکن بدقسمتی سے اقتدار ملنے کے بعد تحریک انصاف بھی گزشتہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہی ہے جس کا واضح ثبوت پنجاب کے مقابلے میں خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں دگنا فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف خیبر پختونخوا میں پیدا ہونے والی بجلی کا ریٹ لاہور میں بھی وہی ہے جوکہ پشاور میں ہے، اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ باقی تمام قابل ذکر بڑی جماعتیں اقتدار میں ہیں لیکن عوام مہنگاٸی کی چکی میں پس رہی پیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عتیق الرحمان، این اے 31 کے لٸے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار حاجی محمد اسلم، سابق ناظمین طارق متین، خالد گل مہمند اور سراج الدین قریشی نے خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ عمران خان سے عوام بالخصوص نوجوانوں کی امیدیں دم تھوڑ رہی ہیں کیونکہ گزشتہ دس سالوں سے صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اور اس وقت بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے دربدر کی ٹوکریں کھا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں بھی ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں ہیں اور ان کی مخلوط حکومت بھی مہنگاٸی، بے روزگاری اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوٸی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1017293

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017293/پنجاب-کے-مقابلے-میں-خیبر-پختونخوا-آٹے-کی-دگنی-قیمت-عمران-خان-دعووں-نفی-ہے-پروفیسر-ابراھیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org